جاپان نے اولمپکس گیمز شروع ہونے سے دو ہفتے قبل ٹوکیو میں ایمرجنسی نافذ کردی

0 135

ٹوکیو:جاپان کی حکومت نے اولمپک گیمز شروع ہونے سے محض دو ہفتے قبل کرونا (کورونا) کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں دنیائے کھیل کے سب سے بڑے ایونٹ کی میزبانی کرنے والے شہر ٹوکیو میں ہنگامی صورت حال کا نفاذ کر دیا ہے۔

وزیر اعظم یوشی ہائیڈ سوگا نے کہا ہے کہ ایمرجنسی 22 اگست تک نافذ رہے گی تاہم عوام کی ویکسینیشن اور صحت کے نظام پر دباؤ کم ہونے کی صورت میں حکومت اسے جلد ختم کرنے پر بھی غور کر سکتی ہے۔

اس سے قبل ٹوکیو میں نافذ کی گئی ہنگامی حالت 20 جون کو ہی ختم ہوئی تھی۔ گذشتہ برس اس وبا کے آغاز کے بعد یہ چوتھا موقع ہے جب جاپانی دارالحکومت میں کرونا ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔

کرونا وبا کی وجہ سے تاخیر کے شکار اولمپکس کا آغاز 23 جولائی کو ہونا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اگرچہ پہلے ہی غیر ملکی تماشائیوں کے لیے اس میگا ایونٹ کے دروازے بند تھے لیکن اب اولمپک منتظمین تمام تماشائیوں پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ منتظمین نے اس سے قبل 50 فیصد ملکی تماشائیوں یا زیادہ سے زیادہ 10 ہزار افراد کو سٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے صدر تھامس بیخ جاپانی حکومت کی جانب سے ہنگامی صورت حال کے اعلان کے کچھ دیر بعد ہی جمعرات کو ٹوکیو پہنچ گئے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ تین دن تک اپنے ہوٹل میں قرنطینہ میں رہیں گے۔ جاپانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ وہ جمعرات کو تماشائیوں کی ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.