لاہور: لاہور کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والی مائرہ کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مائرہ قتل کیس کا چالان تیار کر کے پراسکیوشن برانچ میں جمع کرادیا۔
چالان میں ظاہر جدون کو واقعہ کا مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے، کیس میں ملزم ظاہر کا بھائی طاہر جدون اور جاوید شریک ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
پراسکیوشن نے پولیس کے چالان پر اعتراض عائد کرکے واپس کردیا، پراسکیوشن نے اعتراض کیا کہ واقعے کی کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج ہے تو فرانزک کروا کے ساتھ دیں، گواہوں کی فہرست میں اقراء کو مرکزی گواہ قرار دیا جائے۔
پراسکیوشن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ مقتولہ کے کمرے سے برآمد اشیاء کی فہرست چالان میں لکھی جائیں۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں پاکستانی نژاد برطانوی شہری مائرہ کو رواں برس 3 مئی کو قتل کیا گیا تھا۔