واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے پڑوسی ممالک کابل میں طاقت کے ذریعے مسلط کی جانے والی حکومت کو تسلیم نہ کریں۔
نیوز بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے دوحہ میں دو اہم ملاقاتیں ہورہی ہیں، جن میں خطے اور کثیر الجہتی تنظیموں کے نمائندے اکٹھے ہوئے ہیں۔ان ملاقاتوں میں شریک نمائندے افغانستان میں تشدد میں کمی، جنگ بندی اور طاقت کے ذریعے قائم ہوئی کسی بھی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا عزم کریں گے۔
پریس بریفنگ میں نیڈ پرائس نے کہا کہ زلمے خلیل زاد کو دوحہ بھیجا گیا ہے تاکہ افغانستان میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر بین الاقوامی سطح پر اجتماعی ردعمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان امن عمل پر تین روزہ کثیر الجہتی اجلاس جاری ہے۔