واشنگٹن:امریکا نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنے سفارتی عملے کے انخلاء کے لیے فوج بھیجنے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی دستوں کو کابل کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر بھیجا جائے گا۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کابل میں امریکی شہریوں کی تعداد مزید کم کررہے ہیں۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر کیا جارہا ہے۔ساتھ میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کابل میں امریکی سفارت خانہ اپنا کام جاری رکھے گا۔
اس سے قبل امریکا نے طالبان کی کابل کی جانب پیش قدمی کے پیشِ نظر ایک مرتبہ پھر اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔ کابل میں امریکی سفاتخانے نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابل میں بھی امریکیوں کو مدد فراہم کرنے کی صلاحیت انتہائی محدود ہے۔
سفارتخانے کے مطابق خراب سیکیورٹی صورتحال اور کم اسٹاف کے باعث مدد کرنا مشکل ہورہا ہے۔