لاہور:گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے ملاقات کی،گور نر پنجاب اور صدر آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کو دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔
کشمیر ی حر یت لیڈر سید علی گیلانی کے خاندان کے ساتھ بھارتی سکیورٹی فورسز کے رویہ کی بھی شدید مذمت کی گئی ۔ گور نر نے بیرسٹر سلطان محمود کو صدرآزاد کشمیر بننے پر مبارکباد دی ۔چودھری سرورنے کہا بھارتی افواج کا علی گیلانی کی میت ورثا کو نہ دینا اور اب انکے خاندان کے ساتھ ظالمانہ رویہ اختیار کر نا شر مناک اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔
آج نہیں توکل ضرورکشمیرآزاد ہوگا ۔ گورنرنے کہا خطے میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر نا ضروری ہے ۔ صدر آزاد کشمیر بیر سٹر سلطان محمود نے کہا بھارت سن لے دنیا کی کوئی طاقت کشمیر یوں کی تحر یک آزادی کو دبا نہیں سکتی ، عمران خان کی قیادت میں ہم دنیا بھر میں کشمیر یوں کا مقدمہ لڑ یں گے۔