لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والی پاکستانی نژاد برطانوی شہری مائرہ ذوالفقارکے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی،سیشن کورٹ نے کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جدون کے بھائی طاہر جدون کی ضمانت منظور کرلی۔عدالت کی جانب سے پانچ، پانچ لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض ملزم طاہر جدون کو رہا کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج نعیم سلیم نے سیشن کورٹ لاہو ر میں مائرہ قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جدون کے بھائی طاہر جدون کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے عدالت کے روبرو مقدمے کا ریکارڈ پیش کیاگیا جبکہ ملزم کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔
ملزم کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ پولیس نے تمام شواہد اکھٹے کرلئے ہیں، ملزم سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی اور نہ ہی کیس میں کوئی کردار ہے اس لئے ملزم کی ضمانت منظور کی جائے۔
بعدازاں عدالت کی جانب سے پانچ، پانچ لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض ملزم طاہر جدون کی ضمانت منظور کرلی گی۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں26 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری مائرہ ذوالفقار کو قتل کردیا گیا تھا ، اور ملزم ظاہر جدون نے پولیس حراست میں اعتراف جرم کیا تھا ، ملزم نے اعترافی بیان میں کہا تھا کہ مائرہ نشے میں تھی تو اس سے جھگڑا ہوا ، میں نے خود مائرہ کو 3مئی کی صبح قتل کیا، اقراکوعلم تھا، ظاہر جدون مقتولہ ماہرہ کا عرصہ دراز سے دوست تھا۔