آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ،کراچی کور کی آپریشنل تیاریوں،تربیت اورانتظامی امور پر بریفنگ
کراچی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں انہیں کراچی کور کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی جبکہ اس موقع پر آرمی چیف نے قومی سوچ کے ساتھ ہائبرڈ خطرات کا مل کر جواب دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو صوبے کی موجودہ اندرونی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو امن و امان برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے خطے کی صورتحال کے پیش نظر ہائبرڈ خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے پر زور دیا۔ آرمی چیف نے قومی سوچ کے ساتھ ہائبرڈ خطرات کا مل کر جواب دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کے لیے پاک فوج کے تعاون پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے زندگی ٹرسٹ کے خاتونِ پاکستان گورنمنٹ گرلز اسکول کراچی کا بھی دورہ کیا، آرمی چیف نے بہترین سہولتوں اور اعلیٰ تعلیمی معیار پر اسکول انتظامیہ کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج، سندھ رینجرز کے شہداء کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی۔آرمی چیف نے خفیہ اداروں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سندھ پولیس، اے این ایف اور اے ایس ایف کے شہداء کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی۔