ریاض:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی ماحولیات کے تحفظ کےلیے پاکستان نے متعدد اقدام کیے ہیں۔
ریاض میں مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو سربراہ اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ دنیا کے10فیصد ملک 80فیصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے ذمےدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی حدت میں دن بدن اضافہ ہو رہاہے، حکومت پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2030 تک پاکستان 60فیصد قابل تجدید توانائی ذرائع پر منتقل کردیا جائے گا۔اُن کا کہنا تھا کہ 10بلین ٹری سونامی منصوبے کا مقصد قدرتی طریقے سے ماحولیاتی چیلنجز پر قابو پانا ہے، 2023تک ایک ارب مینگروز کے درخت لگائے جائیں گے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ماحول کے تحفظ کیلئے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو ماحولیاتی تحفظ کیلئے 44فیصد سرمایہ کاری کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے مختلف علاقوں میں قدرتی آفات کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان، بھارت، تاجکستان، ازبکستان اور دیگرملک شدید متاثر ہو رہے ہیں، دنیا کو ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔