اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 22 اور 23 مارچ کو پاکستان ایک بار پھر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے افغان عوام کو امید کی کرن نظر آئی۔انہوں نے بتایا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ خصوصی اجلاس پارلیمنٹ کی عمارت میں ہوا، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کے اجلاس کے حوالے سے تعاون پر مشکور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 22 اور 23 مارچ کو پاکستان ایک بار پھر او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، 23 مارچ کی پریڈ پہلی بار مسلم امہ کے وزیر خارجہ کی کثیر تعداد دیکھے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزرائے خارجہ کو پاکستان کے خوبصورت مقام نتھیاگلی لے جانے کا بھی پروگرام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ مارچ میں ہونے والا وزرائے خارجہ کا اجلاس بامعنی اور بامقصد ہوگا۔