لاہور:گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ بلدیاتی قانون سازی اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں اتحادیوں سے مل کر فیصلے کریں گے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے چوہدری برادران سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ چوہدری سرور لیگی رہنماؤں سے ملاقات کے لیے چوہدری برادران کی رہائشگاہ پہنچے جہاں انہوں نے سیاسی اور حکومتی امور پر بھی بات چیت کی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سندھ لوکل باڈیز سے متعلق جو مسائل سامنے آ رہے ہیں وہ پنجاب میں نہیں ہوں گے، بلدیاتی قانون سازی اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں اتحادیوں سے مل کر فیصلے کریں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ یونیورسٹیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں اپوزیشن کی مشاورت سے فیصلے کرنا اچھی کاوش ہے، اتفاق رائے سے بل نافذ کرنے میں آسانیاں ہوں گی۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ نئی یونیورسٹیاں بین الاقوامی معیار سے کم نہیں، اب طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے لیے باہر نہیں جانا پڑے گا۔ملاقات کے دوران اس موقع پر چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔