ماسکو:وزیراعظم عمران خان سے روسی نائب وزیراعظم الیگزینڈر نواک کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک روس اقتصادی تعلقات بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے روسی وفد کو مختلف شعبوں میں حکومتی اصلاحات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ توقع ہے روسی کمپنیاں پاکستان کے بہتر کاروباری ماحول سے فائدہ اٹھائیں گی، روسی کمپنیاں پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن فلیگ شپ منصوبے کی اہمیت کو دہرایا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کا توانائی سے متعلقہ منصوبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، ریلوے کے شعبوں میں تعاون کی موجودہ سطح پر اظہارِ اطمینان کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ملکوں میں اتفاق کیا گیا کہ منصوبوں پر پیشرفت کے لیے بین الحکومتی کمیشن ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عشائیے پر پاکستان اور روس کے اہم کاروباری افراد سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتی ہے، مارچ میں پاکستان میں سرمایہ کاری کانفرنس کمپنیوں کے لیے مواقع فراہم کرے گی۔