لندن:پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 75سالہ سفارتی تعلقات اورآزادی کی 75ویں سالگرہ 2مارچ 2022 کے موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن نے برٹش کونسل کے تعاون سے’’PK-UK سیزن 2022نیو پرسپیکٹیو‘‘ پروگرام شروع کیا جس کا آغازپاکستان میں سیزن کے باضابطہ افتتاح کے ساتھ ہی ہوا۔ چیئرمین برٹش کونسل سٹیوی اسپرنگ نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ہائی کمشنر معظم احمد خان نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے کثیر الجہتی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاک ،برطانیہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کی ترقی میں تعمیری کردار ادا کرنے میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر مستقبل کے تعلقات کو تشکیل دینے میں نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں برٹش کونسل کے کردار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر برٹش کونسل کی چیئرمین سٹیوی سپرنگ نے کہا کہ 1948سے کونسل دونوں ملکوں کے لوگوں کو قریب لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ PK-UK New Perspectives نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو گہرا کرے گا۔ سیزن کا آغاز اور مہم کے کچھ پہلوؤں پر برٹش کونسل کے ساتھ پاکستان ہائی کمیشن کا تعاون ان اقدامات کے سلسلے کا پہلا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستی کے 75 سال کے ساتھ ساتھ پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منانا ہے۔’’ PK-UK سیزن 2022 نیو پرسپیکٹیو‘‘ کا مقصد دونوں ممالک کے فنکاروں، فلم سازوں اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور ان کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر پاک، برطانیہ دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
Comments are closed.