رواں سال انرجی بلز اجرتوں کے مقابلے میں 14 گنا تیزی سے بڑھیں گے

378

لندن:ایک نئی ریسرچ میں پتہ چلا ہے کہ اس سال انرجی بلز اجرتوں کے مقابلے میں کم از کم 14 گنا زیادہ تیزی سے بڑ ھنے والے ہیں۔ ٹی یو سی نے کہا کہ اس کے تجزیئے میں سامنے آیا ہے کہ اپریل میں آفجیم کی طرف سے مقرر کردہ قیمت کی حد میں تبدیلی کے بعد گیس اینڈ الیکٹرک بلز میں 54 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ اس کے مقابلے میں اوسط ہفتہ وار اجرت 3.75 فیصد بڑھے گی۔ یونین آرگنائزیشن کے اندازے کے مطابق انرجی کی ریکارڈ بلند قیمتیں اس سال تنخواہوں میں اضافے کی پوری قدر کو ختم کر سکتی ہیں۔

ٹی یو سی کا کہنا ہے کہ انرجی بلز کی بلند ترین سطح سے کم آمدن والے افراد کو سب سے زیادہ نقصان پہنچے گا کیونکہ کئی برسوں کی کمزور ویج گروتھ اور بینیفٹس میں کٹوتیوں نے محنت کش فیملیز کو بڑھتے ہوئے مصارف زندگی کے بحران میں بری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔ ٹی یو سی کے اندازے میں کہا گیا ہے کہ 2010 کے بعد سے انرجی بلز میں اوسط اجرت کے مقابلے میں دگنی رفتار اضافہ ہوا ہے۔ یوکرین میں تنازع کے باعث انرجی پرائسز میں مزید اضافہ ہو گیا۔ حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ مشکلات سے دو چار فیملیز کی مدد کیلئے مزید اقدامات کے ساتھ آگے بڑھے۔

ٹی یو سی جنرل سیکرٹری فرانسس اوگراڈی نے کہا کہ اجرت میں برسوں کے جمود اور سوشل سیکورٹی میں کٹوتیوں نے لاکھوں افراد کو انرجی کے آسمانی بلوں کا شدت سے سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ بھر میں ہائوس ہولڈز دہانے پر پہنچ گئے ہیں اور حکومت کو انرجی لاگت تلے کچلے جانے والے لوگوں کی مدد کرنی چاہئے اور اس کا مطلب یہ ہےکہ آئل اینڈ گیس پر ونڈ فال ٹیکس لگایا جائے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن کو مشکلات سے دوچار فیملیز قرضے نہیں بلکہ انرجی گرانٹس کے طور پر دیا جائے۔

انہوں نےکہا کہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ کم آمدن والے ورکرز کو پاورٹی میں دھکیلنے سے روکنے کیلئے یونیورسل کریڈٹ میں حقیقی اضافہ ہوگا۔ ضرورت مند فیملیز کیلئے مدد حاصل کرنےکا یہ تیز ترین طریقہ ہے اور اس کا مطلب ہے کہ پوری معیشت میں اجرتوں میں اضافے کیلئے ایک طویل المدتی منصوبہ تیار کیا جائے۔

Comments are closed.