اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ترین گروپ کو منانے کا مشن تیز کردیا، آئندہ 48 گھنٹوں میں ایک اور ملاقات طے پاگئی۔
وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال اور عبدالحئی دستی سے ملاقات کی ہے۔حکومتی ٹیم کی مسلسل کوشش ہے کہ ترین گروپ کو مائنس عثمان بزدار کے مطالبے سے دستبردار کروایا جائے۔
مراد راس نے کہا کہ دوران ملاقات ترین گروپ کے تحفظات، بیوروکریسی اور پولیس کے خلاف شکایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے مزید کہا کہ ترین گروپ کو تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے فوری فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملاقات کے دوران وزیر دفاع پرویز خٹک سے بھی ترین گروپ کا رابطہ کروایا گیا۔
مراد راس نے کہا کہ ترین گروپ کے اراکین نے پرویز خٹک کو وفاقی محکموں کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ ترین گروپ اور حکومتی ٹیم کے درمیان 48 گھنٹے میں ایک اور ملاقات کا فیصلہ ہوا ہے۔
Comments are closed.