خبر دار!ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون سے تصویر بنانے پر 1000 پونڈ جرمانہ ہو گا

418

لندن: ڈرائیورز کیلئے موبائل فون کے استعمال سے متعلق سخت قواعد متعارف کرادیئے گئے،اب ڈرائیور یہ کہہ کر سزا سے نہیں بچ سکیں گے کہ وہ فون سے تصویر بنا رہے تھے یا گیم کھیل رہے تھے ، نئے قواعد کے تحت دوران ڈرائیونگ موبائل فون پر پلے لسٹ کو چیک کرنے یا تصویر بنانے کی صورت میں ایک ہزار پائونڈ جرمانہ اور لائسنس پر چھ پوائنٹس لگائے جائیں گے۔ ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شیپس نے کہا ہے کہ حکومت اس حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے گی۔ ڈرائیور اب بھی دوران ڈرائیونگ موبائل کو محفوظ طریقے سے رکھ کر ہینڈ فری کے ذریعے بات کرسکیں گے۔

موبائل سے بات کرنا یا ٹیکسٹ کرنا پہلے بھی جرم تھا لیکن پہلے ڈرائیور قانون میں سقم کے سبب بچ نکلتے تھے جسے اب دور کردیا گیا ہے، تاہم نئے قانون کا اطلاق ناردرن آئر لینڈ پر نہیں ہوگا۔ جولائی2019 میں ایک شخص حادثے کی فلم بندی کے جرم کی سزا کو اس موقف کے سبب ختم کرانے میں کامیاب ہوگیا تھا کہ وہ موبائل ’’بات چیت‘‘ کیلئے استعمال نہیں کررہا تھا، اس فیصلے کے بعد ہائی کورٹ کے دو ججوں نے فون استعمال کرنے کے حوالے سے قانون پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا۔ ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق موبائل فون کے استعمال کے سبب17 افراد ہلاک اور 114 افراد مختلف حادثات میں شدید زخمی ہوچکے ہیں۔

ڈی ایف ٹی کا کہنا ہے کہ ڈرائیور اب بھی ڈرائیو تھرو ریسٹورنٹس میں گاڑی کھڑی ہونے کی صورت میں فون کے ذریعے کنٹیکٹ یس پیمنٹ کرسکیں گے۔ موٹر شاپس کا کہنا تھا کہ وہ شاہراہوں کو محفوظ بنانے کیلئے اپنے تمام اختیارات استعمال کریں گے اور ایسے ڈرائیورز کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی جو دوران ڈرائیونگ فون کو استعمال کرنے کا خطرہ مول لیتے ہیں، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جو کوئی بھی قانون کو توڑے اسے سزا کا سامنا کرنا پڑے ، نئے قانون کے مطابق دوران ڈرائیونگ موبائل پر بات کرنا یا سیٹ نیو استعمال کرنا غیر قانونی ہوگا۔ ہینڈز فری ڈیوائس کو ڈرائیونگ شروع کرنے سے پہلے سیٹ کرنا ضروری ہوگا۔

پولیس کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ اگر اسے شک ہے کہ کوئی ڈرائیور موبائل پر باتیں کرنے میں مشغول تھا تو اسے روک سکے، ٹریفک لائٹس یا ٹریفک کے سبب رکنے پر بھی ڈرائیورز پر قانون لاگو ہوگا۔ قانون توڑنے والوں کو جرمانہ ، پنالٹی پوائنٹس یا ڈرائیونگ پر پابندی بھی لگ سکتی ہے۔ اے اے کے صدر ایڈ منڈ کنگ نے نئے قانون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال سماجی طور پر ناقابل قبول اور ’’ڈرنک ڈرائیونگ‘‘ کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہراہوں کو محفوظ بنانے کیلئے قوانین کو سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کریڈل‘‘ میں رکھے فون کو استعمال کرنا ڈرائیورز کی توجہ کو باٹنے کا سبب بن سکتا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ قانون کی تبدیلی کیلئے عوامی مشاورت کے دورن81 فیصد نے موجودہ سخت قواعد کی حمایت کی۔

Comments are closed.