عمران خان کے بیانات پر قومی اسمبلی سے مذمتی قرارداد منظور

136

اسلام آباد:قومی سلامتی اداروں اور قیادت کے خلاف سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانات سے متعلق مذمتی قرارداد قومی اسمبلی سے منظور کرلی گئی۔

قرارداد وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی جاوید عباسی نے ایوان میں پیش کی۔قومی سلامتی اداروں اور قیادت کے خلاف بیانات کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران وزیراعظم شبہاز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کل جو بات کی وہ انتہائی خطرناک ہے، نواب سراج الدولہ کے سپہ سالار کی بات کر کے عمران خان نے اداروں کو براہ راست نشانہ بنایا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت نے تیل اور گیس وقت پر نہیں منگوائے، جب گیس سستی ترین تھی انہوں نے سودے نہیں کیے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ادارے کے بارے میں بدترین گفتگو کی، سراج الدولہ اور میر جعفر کا نام لے کر جو مثال دی، اس سے بری حرکت نہیں ہوسکتی، ادارے کے بارے میں جو زہر اگلا پاکستان کے خلاف سازش ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ تو لاڈلے تھے، آپ کو ادارے نے بچے کی طرح دودھ پلایا، جس طرح مقتدر ادارے نے عمران نیازی کو سپورٹ کیا، کسی کو نہیں کیا، عمران نیازی نے پھر بھی کچھ نہیں سیکھا، بری طرح ناکام رہے۔

Comments are closed.