ایئرہوسٹس کے دانت توڑنے والی خاتون کو 15 ماہ قید، 33 ہزار ڈالر جرمانہ

345

نیویارک:مُکا مار کر ایئرہوسٹس کے دانت توڑنے والی امریکی خاتون کو 15 مہینے قید اور ساڑھے 33 ہزار ڈالر کی سزا سنادی گئی۔

سان ڈیاگو کی عدالت نے 29 سالہ خاتون ویویانا پر تین سال کے لیے فضائی سفر کی پابندی بھی عائد کردی ہے۔ایئرہوسٹس نے خاتون کو ہدایات دی تھیں کہ سیٹ بیلٹ باندھ لیں، کھانے کی ٹیبل بند کرلیں اور چہرے پر ماسک لگا لیں۔

خاتون نے اپنے فون سے ایئرہوسٹس کی ویڈیو بنائی، اسے دھکا دیا، چہرے پر مُکّا مارا اور بالوں سے پکڑنے کی کوشش کی۔جہاز میں سوار ایک مسافر نے اپنے فون پر اس تمام واقعے کی ویڈیو بنالی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ایئرہوسٹس کے تین دانت ٹوٹے اور آنکھ کا نچلا حصہ زخمی ہوا جس پر ٹانکے لگائے گئے۔یہ واقعہ پچھلے برس 23 مئی کو پیش آیا تھا جب کورونا وبا کی وجہ سے ایئرلائنز نے مسافروں پر مختلف پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔

امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 2021 میں مسافروں کی طرف سے دوران پرواز بدتمیزی کے 5 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے۔جہاز میں ماسک پہننے کے حکم پر عملدرآمد کروانے کی وجہ سے مسافروں اور فضائی عملے کے درمیان تلخ کلامی اور مار پیٹ کے واقعات ہوئے۔

Comments are closed.