لندن:آسمان پر گرج چمک کی وجہ سے کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کیلئے ملکہ کا طیارہ ہنگامی طورپر لندن میں اتار لیا گیا۔ ملکہ اپنے طیارے میں ونڈسر کاسل جا رہی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق 96 سالہ ملکہ اپنی تاجپوشی کے 70 سال مکمل ہونے پر پلاٹینیم جوبلی کی تقریبات میں شرکت کیلئے بالمورل سے جارہی تھیں۔ سن کی رپورٹ کے مطابق ان کا 13 نشستوں والا طیارہ بارش، طوفان اور آسمانی بجلی میں پھنس گیا تھا، جس پر پائلٹ کو طیارہ لندن میں اتارنے پر مجبور ہونا پڑا۔
بکنگھم پیلس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ملکہ کی پرواز گرج چمک کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی، تمام درست طریقوں پر عمل کیا گیا اور تحفظ کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔ اس سے قبل منگل کو بکنگھم پیلس نے کہا تھا کہ سربراہ مملکت اپنے برک شائر کے شاہی محل میں آگئی ہیں۔ انھوں نے منگل کو بالمورل سے سفر شروع کیا تھا اور تقریبات میں 4 مصروفیات کے بعد معمولی سا وقفہ لیا تھا۔ ملک میں لاکھوں افراد طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ کے جوبلی لنچ اور پارٹیوں کیلئے سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں۔ برطانیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شاہی پلاٹینیم جوبلی منائی جارہی ہے۔
اس موقع پر ملکہ سے محبت اور حب الوطنی کے اظہار کے طور پر ہولمز چیپل کمیونٹی یارن سے ایک مکمل سائز کا بناہوا ملکہ کا مجسمہ اور ایک کورگی نسل کا کتا تیار کیا گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا کی اسٹار لارا میسن نے 5 فٹ 3 انچ کا ایک وکٹوریہ اسپنج کیک تیار کیا ہے۔ تقریبات کا آغاز رنگا رنگ روایتی فوجی پریڈ سے کیا گیا، جس میں 1,500 افسر اور سپاہی اور 350 گھوڑوں نے شرکت کی لیکن ملکہ شرکت کی تصدیق صبح کو ہی ہوسکے گی جبکہ ملکہ کے پرستار انھیں اپنی فیملی کے ساتھ بالکونی پر دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں، جہاں سے ملکہ فلائی پاسٹ کا نظارہ کریں گی اور ہوسکتا ہے کہ فوجیوں کو بھی دیکھیں، شام کو برطانیہ اور پورے دولت مشترکہ میں 3,000 چراغ روشن کئے جائیں گے۔
محل کے سامنے درختوں کو قمقموں سے سجایا جائے گا۔ ملکہ جمعہ کو سینٹ پال کیتھڈرل میں شکرانے کی سروس میں شرکت نہیں کریں گی۔ اگر ملکہ نے اس میں شرکت کی تو وہ روایتی راستے کے بجائے متبادل راستہ استعمال کریں گی۔ ڈربی دیکھنے کیلئے ملکہ کا طے شدہ پروگرام ختم کردیا گیا اور اب ملکہ کی جگہ پرنسز رائل اس میں شرکت کریں گی۔ ہفتہ کو ڈیوک اور ڈچز آف سسیکٹ کی صاحبزادی لیلی بیٹ کی سالگرہ ہے، اس بات کی قیاس آرائیاں ہیں کہ ملکہ اس موقع پر پہلی مرتبہ ان سے ملیں گی جبکہ ہیری اور میگھان جوبلی کیلئے واپس روانہ ہوجائیں گے۔ شام کو بکنگھم پیلس کے سامنے بی بی سی کی پارٹی میں 22,000 ہزار افراد کو لائیو انٹرٹین کیا جائے گا۔
Comments are closed.