سندھ کے وزراء کا لوٹن ٹاؤن ہال کا مطالعاتی دورہ

236

لوٹن:سندھ کے وزیر تعلیم، ثقافت اور آرٹس سید سردار علی شاہ اور اقلیتوں کے وزیر گیان چند ایسرانی نے لوٹن بورو کونسل کا مطالعاتی دورہ کیا، دورے کے دوران ٹاؤن ہال میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف امور پر گفتگو کی گئی ، تقریب کی صدارت لوٹن کی نومنتخب میئر سمیرا سلیم نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مسعود رانا نے ادا کیے، اس موقع پر لوٹن بارو کونسل کے ڈپٹی لیڈر راجہ محمد اسلم خان نے مہمانوں کو اپنے استقبالیہ خطاب میں لوٹن کی آبادی اور اس کے سیاسی اور معاشی طور پر اثر و رسوخ اور مقامی سیاست میں مقامی کشمیری پاکستانی عوام کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزید انہوں نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے سنائی گئی عمر قید کی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہندوستان کو ایک جمہوری ملک کے طور پر دیکھا جاتا تھا اور اس کی عدلیہ کو اعتبار حاصل تھا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ماجودہ فاشسٹ حکومت اور اس کے نظریے کی بدولت ہندوستان میں اقلیتوں کے خلاف غیر جمہوری اور جابرانہ روایہ بڑھا ہے، جس سے کمیونٹیز کے درمیان نفرت کو فروغ ملا ہے، اس کی مثالیں گجرات میں قتل عام، بابری مسجد کا واقعہ، کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور اب کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والے یاسین ملک کے خلاف بھارتی عدالت کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے مذید یہ کہا کہ پاکستانی حکومت کو اس کیس کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں تک لے جانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سردار شاہ نے کہا کہ وادی سندھ برصغیر کی پہلی تہذیب تھی جبکہ کشمیر کی تہذیب سب سے پرانی ہے، انہوں نے کشمیر کی جدوجہد کو آگے بڑھانے اور ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے بھٹو خاندان کے کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے ملک اور اس کے عوام کے لیے دی گئی قربانیوں کے بارے میں بات کرتے ہوے کہا کہ بھٹو شہید کی جدوجہد تاریخ کا روشن باپ ہے جس کی روشنی میں ہم اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دریں اثنا میئر لوٹن سمیرا سلیم نے وزراء کو مئیر پارلر میں خوش آمدید کہا اور انہیں تعریفی اسناد سے نوازا جبکہ مہمان وزراء نے وزٹر بک پر اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

تقریب میں ڈپٹی میئر آصف مسعود، کونسلر خدیجہ ملک کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سید اعجاز معی الدین قادری، ، راجہ آعظم، مہربان ملک، خورشید مغل، مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما شبیر احمد ملک، ریاض کوہمروی سمیت متعدد کمیونٹی زعما نے شرکت کی، یاد رہے کہ سندھ حکومتی وزراء نے اپنا یہ دورہ لوٹن میں مقیم پیپلز پارٹی کے جیالے مسعود رانا اور شکیل راٹھور کی خصوصی دعوت پر کیا اور ان کے اعزاز میں ایک مقامی ریسٹورنٹ میں عشائیہ بھی دیا۔

Comments are closed.