نیویارک:امریکا کی خلائی تحقیقاتی ایجنسی ناسا کے مطابق زرافے کی جسامت جتنا ایک چھوٹا سیارچہ آج زمین کے قریب سے گزرے گا۔
اس سیارچے کو ’KP3‘ کا نام دیا گیا ہے، ناسا کے مطابق اس کی چوڑائی 5.4 میٹر ہے۔ناسا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ KP3 آج 7.2 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے زمین سے 13 لاکھ کلومیٹر دور سے گزرے گا۔
13 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ زمین سے اتنا زیادہ بھی قریب نہیں ہے، چاند 3 لاکھ 84 ہزار کلومیٹر فاصلے پر زمین کے گرد چکر لگاتا ہے۔لیکن کائناتی اعتبار سے KP3 کا فاصلہ کم ہی شمار ہوگا، خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ سیارچے کے زمین سے ٹکرانے کا کوئی امکان نہیں اور اگر بالفرض محال اس کا زمین سے تصادم ہوتا بھی ہے تو کم سے کم نقصان ہوگا۔
حال ہی میں زمین سے ٹکرانے والا سیارچہ EB5 تھا جو رواں سال مارچ میں زمین پر آگرا تھا۔اس کی چوڑائی صرف 3 میٹر تھی اور اس کا زیادہ تر حصہ فضا میں ہی جل گیا تھا تو زیادہ نقصان نہیں ہوا۔
2013 میں 17 سے 20 میٹر چوڑائی کا ایک سیارچہ روس کے علاقے میں گرا تھا۔اس سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن دھماکے سے کھڑکیاں ٹوٹیں اور سیکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔
ناسا کے مطابق ہمارے نظام شمسی میں تقریباً 11 لاکھ 13 ہزار سیارچے موجود ہیں۔
Comments are closed.