اسلام آباد:اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ سرکاری وصولیوں، ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی وصولی میں سہولت دینے کے لیے متعلقہ برانچز 29 اور 30 جون 2022ء کو کھلی رہیں گی۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرکاری وصولیوں، ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی وصولی میں سہولت دینے کی غرض سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) کے فیلڈ دفاتر اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کی مجاز برانچز 29 اور 30 جون 2022ء کو توسیع شدہ بینکاری اوقات میں بالترتیب رات 8 بجے اور رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اس مقصد کے لیے نفٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادائیگی کی اسی روز کلیئرنگ کے لیے 30 جون 2022ء کو رات 12 بجے ایک خصوصی کلیئرنگ کا اہتمام کرے۔
اسٹیٹ بینک اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام بینکوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 30 جون 2022ء کو اپنی متعلقہ شاخیں اُس وقت تک کھلی رکھیں جب تک نفٹ کی جانب سے حکومتی لین دین کی خصوصی کلیئرنگ میں سہولت دینا ضروری ہے۔
Comments are closed.