لندن:یوتھ پارلیمنٹ کا وفد ان دنوں صدر یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان عبیدالرحمان قریشی کی قیادت میں برطانیہ کے دورہ پر ہے۔یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے وفد نےبرطانوی پارلیمنٹ کا دورہ کیا۔راجہ نجابت حسین نے یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے وفد کے ہمراہ برطانوی ہاؤس آف کامنز اور ہاؤس آف لارڈز کے دورہ کے دوران برطانوی حکومت کے سیکرٹری آف سٹیٹ برائے ہیلتھ ساجد جاوید ایم پی، شیڈو وزیر سارہ اوون ایم پی، لارڈ واجد خان، عمران حسین ایم پی، خالد محمود ایم پی، ڈاکٹر افضل خان ایم پی، جیمز ڈیلی ایم پی کو چیئرمین کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر،برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ایم پیکی جانب سے ٹریڈ اینوائے برائے پاکستان مارک ایسٹ ووڈ ایم پی، شیڈو منسٹر بیرسٹر یاسمین قریشی ایم پی چیئرپرسن آ ل پارٹیز پارلیمنٹر ی گروپ برائے پاکستان، ڈیوڈ سائمنڈز ایم پی کنزرویٹو ممبر، لارڈقربان حسین سیکرٹری آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر اور محمد یاسین ایم پی و دیگر کے رہنماؤں کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔
ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات اور نوجوانوں کی تعمیر و ترقی، نوجوانوں کے وفود کے تبادلہ جات اور پاکستان اور آزادجموں وکشمیر کے نوجوانوں کے برطانیہ میں تعلیم و تربیت کے مواقع اور دیگر امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈز کے ممبران نے پاکستانی نوجوانوں کی کوششوں، صلاحیتوں اور کاوشوں کا سراہا۔ برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ پاکستانی نوجوان پاکستان اور برطانیہ میں نہ صرف تعلیمی اداروں میں بلکہ دیگر شعبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے بھرپور عملی کردار ادا کر رہے ہیں اور مستقبل کے نوجوانوں کے لئے مختلف شعبوں میں تعمیر و ترقی کے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ بیرسٹر یاسمین قریشی نے پاکستان اور برطانیہ کے نوجوانوں کے درمیان مضبوط روابط استوار کرنے پر زور دیا۔برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے نوجوانوں کو کامیابی حاصل کرنے کے لئے جہد مسلسل پر زور دیا۔
یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے صدر عبیدالرحمان نے اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نوجوان برطانیہ اور یورپ بھر میں دیگر بے شمار نوجوانوں کے لئے تعلیم اور سیر وسیاحت کے شعبوں میں تعمیر و ترقی کے مواقع پیدا کرنے کے لئے سرگرم ہیں تا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع مل سکیں اور وہ اپنے ملک اور دیگرممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے بھی استوار کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر سکیں۔ یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے وفدنے جہاں راجہ نجابت حسین کے تعاون پر ان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیاوہیں یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے وفدنے برطانوی ہاؤس آف کامنز اور برطانوی ہاؤس آف لارڈ کے ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور برطانوی پارلیمنٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کر کے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے اور ہم سب برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے قیمتی وقت اور قیمتی تبادلہ خیالات کے لئے انتہائی مشکور ہیں۔
یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے وفدمیں فیصل جمشید خان ایگزیکٹو ممبر، ماریہ اکبر کیبنٹ ممبر، احسن الملک کیبنٹ ممبر، شاکر حسین ایڈوائزر، عبیر علی کیبنٹ ممبر، چوہدری طیب نذیر ایگزیکٹو ممبر، موہی وال پیرزادہ کیبنٹ ممبر شامل ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے تمام ممبران برطانوی پارلیمنٹ، ہاؤس آف لارڈز کے ممبران، ہاؤس آف کامنز کے ممبران، یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے وفد کے تمام اراکین اور دیگر رہنماؤں اور شرکاء کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور سب کو قیمتی وقت دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری تحریک برطانیہ بھرمیں مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں بھرپور لابی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اُجاگر کیا جا رہا ہے اوربرطانوی ممبران پارلیمنٹ اور لارڈز کے ذریعے برطانوی پارلیمنٹ میں آوازیں بلند کی جا رہی ہیں۔راجہ نجابت حسین نےکہا کہ نوجوان قیادت کسی بھی ملک کی تعمیرو ترقی اور کامیابی کے لئے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ ہماری تحریک میں نوجوانوں کی اکثریت شامل ہے جو ہماری تحریک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور نوجوانوں کی بدولت ہی تحریک آزادی کشمیر اپنی کامیابی کی طرف گامزن ہے۔
Comments are closed.