بجلی پیدا کرنے کیلئے تیرتے ہوئے ونڈ فارمز بنانے کا فیصلہ، 29000 لوگوں کو روزگار ملے گا

114

لندن:بجلی کی تیاری میں تیل و گیس کی ضرورت کم کرنے اور لوگوں کی انرجی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے سمندر میں تیرتے ہوئے ونڈ فارمز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے سائوتھ ویلز کے ساحل پر لگائے جانے والے اس ونڈ فارم میں کم وبیش 29,000 ہزار افراد کو ملازمتیں مل سکیں گے ۔

کرائون اسٹیٹ کا کہناہے کہ وہ یہ جگہ لیز پر دے رہاہے تاکہ 4ملین افراد کی انرجی کی ضروریات پوری کی جاسکیں لیکن اس کے لئے ٹھیکہ حاصل کرنے کے بارے میں پرامید اداروں نے لائسنس جاری کرنے والے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ لائسنس کے اجرا میں تاخیر نہ کریں۔

ویلز اور برطانیہ میں ایک نئے سیکٹر کی تشکیل کا یہ ایک بڑا موقع ہے ،کرائون اسٹیٹ کی نکولا کلے کا کہناہے کہ یہ منصوبہ حقیقت کا روپ دھارنے جارہاہے اور اس میں دلچسپی بڑھتی جارہی ہے۔اب تک برطانیہ میں ہوا سے بجلہی پیداکرنے والے تمام فارمز ساحل پر فکسڈ بنیادوں پر قائم کئے گئے ہیں جبکہ تیرتے ہوئے ونڈ فارمز گہرے سمندر میں جہاں نسبتاً تیز ہوا ہوتی ہے قائم کئے جائیں گے ،ہوا سے بجلی بنانے والے ٹربائن اسٹیل کے بھاری ڈھانچے پر نصب ہوں گے جو پانی پر تیر رہے ہوں گے اور سمندر میں لنگر انداز ہوں گے ۔

کرائو ن اسٹیٹ اس مقصد کیلئے اگلے سال موسم گرما میں ٹینڈر جاری کرے گی اور اس منصوبے پر 2050 تک 43.6 بلین پونڈ خرچ کئے جائیں گے۔ کرائون اسٹیٹ اس کیلئے سائوتھ ویلز سے 40 میل کے فاصلے پر ونڈ فارم لگانے کا لائسنس جاری کرے گی۔پورٹ ٹالبوٹ اور پمبروک شائر میں گہری بندرگاہیں ہیں اور خالی جگہ بہت ہے یہاں تیرتے ہوئی ونڈ انڈسٹری کیلئے درکار ہنر مند قوت بھی دستیاب ہے ۔ونڈ ٹربائن کی تنصیب کیلئے اسٹیل کا بہت بڑا اسٹرکچر پمبروک پورٹ کے ڈاک پر تیار کیاجائے گا اور پھر اسے سمندر میں پہنچایاجائے گا ۔

پیمبروک ڈاک پر آئل انڈسٹری سے کام کرنے والی لیڈ ووڈ انجینئرنگ کو اس کابہت سا کام ملنے کی توقع ہے۔مقامی طورپر ریفائنریز بند ہونے کی وجہ سے اس ادارے اور اس کے ملازمین کو کام کی ضرورت ہے۔کرائون اسٹیٹ کاکہناہے کہ وہ جتنا جلد ممکن ہو اس منصوبے کیلئے کام کررہی ہے ۔

Comments are closed.