امریکا،برطانیہ،سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالاضحی آج منائی جارہی ہے

129

نیویارک:امریکا، کینیڈا،برطانیہ، سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک آج بروز ہفتہ 9 جولائی کو عید الاضحی منا رہے ہیں،جب کہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکا ، برطانیہ، کینیڈا ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک آج بروز ہفتہ 9 جولائی کو عید الاضحی منا رہے ہیں۔ اس سال امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں مسلم کمیونٹی میں تقسیم دیکھنے میں آئی جس کے باعث بعض افراد آج اور بعض اتوار کو عیدالاضحیٰ منائیں گے۔

سعودی عرب میں نماز عہد کے بڑے اجتماعات مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد بنوی میں ہوئے، جہاں بڑی تعداد میں نمازیوں نے نماز عید ادا کی۔سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے، مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور مناظر دیکھے گئے ہیں۔

شاہی خاندان کے ارکان، علماء و شیوخ نے نماز عید میں شرکت کی، نمازِ عید کے اجتماعات کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔ اس موقع پر اسلام کی سر بلندی، امتِ مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے ساتھ حج بھی اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ دوسری جانب مطاف میں حجاج کا طواف حسب معمول جاری رہا، حجاج کی گروپ کی شکل میں حرم آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل حجاج کے قافلے وقوف عرفہ اور مزدلفہ میں رات گزارنے اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ پہنچ رہے ہیں، عیدالاضحیٰ کے پہلے دن حجاج رمی کررہے ہیں، آج جمرت پہنچ کر حجاج کرام کے پہلے قافلے نے صرف بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں۔

جس کے بعد حجاج اپنا وقت عبادت میں گزاریں گے، قربانی کے بعد حجاج کرام حلق یا تقصیر (بال منڈوانے) کر احرام کی حالت سے باہر آ جائیں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج رات منیٰ میں گزاریں گے۔ 10 لاکھ حجاج گروپس کی شکل میں رمی کریں گے۔

قربانی کے 10 لاکھ جانور مکہ کے مذبح خانوں میں پہنچا دئیے گئے ہیں۔ حلق کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کے لئے مسجد الحرام جائیں گے۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و ڈپٹی وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو دنیا بھر سے اسلامی ممالک کے قائدین نے عید الاضحیٰ کے موقع مبارکباد کے پیغامات بھجوائے ہیں۔

مملکت سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان تمام قائدین کا شکریہ ادا کیا ہے اور جواباً انہیں تشکر بھرے پیغام بھیجتے ہوئے ان کی نیک تمناوں اور پر خلوص دعاؤں کی تحسین کی ہے۔

نیز عید الاضحیٰ اس بار برکت موقع پر یہ دعا کی ہے کہ اللہ ملت اسلامیہ کو اپنی رحمتوں سے نوازے اور سلامتی اور عافیت دے۔

امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی ہے۔ وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکنن نے کہا کہ عیدالاضحیٰ انسانیت اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا درس دیتی ہے۔

Comments are closed.