برسلز:یورپ میں کورونا کی نئی لہر کے پیش نظر بیماریوں سے کنٹرول کے یورپین اداروں نے سفارش کی ہے کہ یورپ میں 60 سال سے 80 سال کی عمر کے تمام افراد کو فوری طور پر کوویڈ-19 سے بچاؤ کی ایک اور بوسٹر ڈوز لگادی جائے۔
یہ بات دی یورپین سینٹر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول (ECDC) اور یورپین میڈیسن ایجنسی (EMA) کے ذمہ داران نے یورپین پارلیمنٹ کی کوویڈ-19 کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی میں ممبران پارلیمنٹ کو بتائی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپریل 2022 میں کہا تھا کہ 80 سال کے افراد کو روٹین ویکسی نیشن اور ایک بوسٹر ڈوز کے بعد ایک اور ڈوز لگائی جائے۔
لیکن اب کورونا کے ایک مرتبہ پھر بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تجویز دی جاتی ہے کہ اب 60 سال سے اوپر اور مختلف دیگر بیماریوں سے متاثرہ افراد کو بچانے کے لیے ایک مزید mRNA Covid-19 ویکسین لگائی جائے۔
اس موقع پر اجلاس میں شامل یورپین کمشنر برائے صحت سٹیلا کیریا کیدیس نے ممبر ممالک سے اپیل کی کہ وہ فوری طور اس تجویز پر عملدرآمد کریں اور اس عمر کی حد میں آنے والے اہل افراد کو آگے آنے اور ویکسین لگوانے کی تاکید کریں۔ اس طرح ہم اپنی، اپنے پیاروں اور اپنی کمزور آبادیوں کی حفاظت کر سکیں گے۔
پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے (ECDC) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر اینڈریا امون نے کہا کہ ہم فی الحال کوویڈ-19 کیسز کی اطلاع کی شرح میں اضافہ اور کئی ممالک میں اسپتال اور آئی سی یو میں داخلے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھ رہے ہیں۔ یہ بنیادی طور پر اومی کرون کے (BA5 sublineage) ذیلی خطوط سے آرہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ یورپین یونین میں ایک نئی اور وسیع پیمانے پر Covid-19 کی شدید لہر کے آغاز کا اشارہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی بھی بہت سے افراد شدید کوویڈ-19 انفیکشن کے خطرے میں ہیں۔ جن کی ہمیں جلد از جلد حفاظت کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں پہلے شاٹ سے دوسرے بوسٹر تک لوگوں کو ویکسی نیشن کی اہمیت کے بارے میں یاد دلانے کی ضرورت ہے، یہ کام ہمیں آج سے ہی شروع کرنا ہے۔
Comments are closed.