نیویارک:اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں بچوں اور مسلح تنازعات پر سالانہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا شکار بچوں کی حالت زار کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچے اور نوجوان روزانہ بھارتی فورسز کے تشدد کا نشانہ بنتے ہیں۔ تشدد کا نشانہ بننے والے بچوں اور نوجوانوں کا جرم حق خود ارادیت کا جائز مطالبہ ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی قراردادیں سلامتی کونسل سے منظور شدہ ہیں۔ بھارت عالمی قوانین کا احترام کرتا ہے تو کشمیر میں اپنی دہشت گردی ختم کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں اخلاقی جرات ہے تو کشمیر سے اپنی فوجیں نکالے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دے۔
Comments are closed.