برسلز:روس کی جانب سے یورپ کو گیس کی مسلسل کمی کے خطرے کے پیش نظر یورپی یونین کی ممبر ریاستوں نے آنے والی سردیوں کے دوران یورپ میں 15 فیصد گیس کم استعمال کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق یورپی وزرائے توانائی کے اجلاس میں سامنے آیا، جس میں طے کیا گیا کہ ان ممالک کے گذشتہ 5 سال کے دوران استعمال کی جانے والی گیس کی مقدار کی بنیاد پر اب وہ 15 فیصد کم گیس استعمال کریں گے۔اسی اجلاس میں اس کمی کیلئے جو وقت مقرر کیا گیا ہے وہ یکم اگست 2022 سے لے کر 31 مارچ 2023 ہے۔
وزرائے توانائی کے اجلاس میں اس بات کو خاص طور پر نوٹ کیا گیا کہ روس توانائی کی سپلائی کو یورپ کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اس میں مسلسل کمی کر رہا ہے۔اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ سردیوں میں توانائی کی ایک بڑی سپلائی کو روک دے۔ اس لیے یورپ پہلے سے ہی اس کی تیاری کرے اور خود سے ہی اپنے آپ کو اس کمی کیلئے تیار کرنا شروع کردے۔
اس لیے طے کیا گیا کہ جو ممبر ریاستیں پائپ لائنوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہیں وہ آنے والی سردیوں میں 15 فیصد گیس کم استعمال کریں گی۔اسی اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ جو ممبر ریاستیں اس باہمی نظام سے منسلک نہیں ہیں وہ اس فیصلے کی پابند نہیں ہوں گی۔
Comments are closed.