مغربی ممالک کا یوکرین کی فوجی امداد کیلئے 1.5 ارب یورو اکٹھے کرنے کا عزم

106

برسلز:26 ممالک نے یوکرینی فوج کی امداد کے لیے ڈیڑھ ارب یورو اکٹھے کرنے کے عزم کیا ہے، یہ بات ڈنمارک کے وزیر دفاع مورٹن بوڈسکوف نے یورپی یونین کے ایک روزہ اجلاس کے اختتام پر بتائی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ رقم ہتھیاروں کی پیداوار بڑھانے اور یوکرینی فوجیوں کی تربیت پر خرچ کی جائے گی۔ڈنمارک کے وزیر دفاع نے کہا کہ تمام ممالک کوپن ہیگن میں یوکرین کی امداد پر غور کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

برطانوی سیکرٹری دفاع بین والس نے کہا کہ اس اجلاس سے ثابت ہوگیا کہ روسی صدر پیوٹن کی مغربی ممالک کو یوکرین کی مدد سے روکنے کی خواہش ناکام ہوچکی ہے۔1.5 ارب یورو کی اس رقم میں برطانیہ، ڈنمارک اور ناروے کے عطیات شامل ہیں لیکن دیگر ممالک اپنی پارلیمان سے منظوری کے بعد فنڈ میں حصہ ڈالیں گے۔

واضح رہے کہ یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی اور ان کی اہلیہ روس کے خلاف جنگ میں لڑائی جاری رکھنے کے لیے مغربی ممالک سے کئی بار امداد کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

Comments are closed.