پاکستانی بحریہ نے انڈین کشتی کے عملے کے 9 اراکین کو بچا لیا

109

گوادر:پاکستانی بحریہ نے گوادر کے قریب بحیرہ عرب میں انڈیا کی ایک ڈوبتی ہوئی کشتی کے عملے کے 9 اراکین کو بچا لیا ہے۔

پاکستانی بحریہ کے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گوادر کے قریب کھلے سمندر میں ڈوبنے والی انڈین کشتی ’جمنا ساگر‘ کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا۔‘

جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کشتی ’جمنا ساگر‘ 9 اگست کو عملے کے 10 افراد کے ہمراہ بحیرہ عرب میں گوادر کے قریب ڈوب گئی تھی۔‘

’اطلاع ملنے پر پاکستان میری ٹائم انفارمیشن سینٹر نے قریبی بحری جہاز ایم ٹی ٹروبیک کو ہدایات دی کہ ڈوبنے والے انڈین عملے کی امداد کی جائے۔ بحری جہاز نے عملے کے 9 افراد کو زندہ بچا لیا اور دبئی کی بندرگاہ کی طرف اپنا سفر جاری رکھا جہاں وہ کشتی کے عملے کو اتارے گا۔‘

بیان کے مطابق ’اسی دوران پاکستانی بحریہ کا ایک جہاز دو ہیلی کاپٹرز کے ہمراہ کھلے سمندر میں پہنچا اور ڈوبنے والے ایک انڈین شہری کی نعش کو تلاش کیا۔ پاکستانی بحریہ کے عملے نے نعش کو مزید کارروائی کے لیے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے حوالے کیا۔‘

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کے مطابق ’پاکستانی بحریہ کا یہ کامیاب سرچ اور ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔ پاکستانی بحریہ اپنے پانیوں کے اندر اور باہر کسی بھی ہنگامی صورت حال میں امداد کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔‘

Comments are closed.