لندن:برطانیہ کی کاروں کی پیداوار میں سال بہ سال لگاتار تین ماہ اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ پرزوں کی کمی کا مسئلہ کم ہو رہا ہے۔ سوسائٹی آف موٹر مینوفیکچررز اینڈ ٹریڈرز (ایس ایم ایم ٹی) کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں برطانیہ میں کل 58043کاریں بنائی گئیں، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 8.6فیصد زیادہ ہیں۔ انڈسٹری کی نمائندہ نے کہا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ پرزوں کی قلت آخر کار کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔
سیمی کنڈکٹرز جیسے پرزوں کی عالمی کمی نے کار مینوفیکچرنگ کو متاثر کیا۔ تاہم ایس ایم ایم ٹی نے متنبہ کیا کہ جولائی کے اعداد و شمار کو سیاق و سباق کے مطابق ترتیب دیا جانا چاہئے کیونکہ پرزوں کی کمی اور کورونا وائرس سے متعلقہ عملے کی کمی کی وجہ سے 2021میں اس مہینے کے دوران پیداوار بری طرح متاثر ہوئی تھی، جس کی وجہ سے بہت سی فیکٹریوں نے اپنے موسم گرما کے بند ہونے کے اوقات میں تبدیلی کی تھی۔
پیداوار میں حالیہ اضافے کے باوجود اس کی شرح اب بھی وبائی امراض سے پہلے کی سطح کے تقریباً نصف ہے۔ ایس ایم ایم ٹی کے چیف ایگزیکٹیو مائیک ہائوس نے کہا کہ برطانیہ کی کاروں کی پیداوار کے لئے مسلسل تیسرے مہینے کی نمو یقیناً خوش آئند ہے اور اس سے کچھ امید پیدا ہوتی ہے کہ سپلائی چین کے مسائل، جو اس شعبے کو متاثر کر رہے ہیں، آخر کار آسان ہونا شروع ہو جائیں گے لیکن دیگر چیلنجز بدستور موجودہیں، کم از کم توانائی کے اخراجات، جو خطرناک شرح سے بڑھ رہے ہیں، ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم صفر اخراج والی گاڑیوں کی پیداوار کو آگے بڑھانے کے لئے بہت ضروری سرمایہ کاری کو راغب کرنا چاہتے ہیں تو برطانیہ کو مینوفیکچرنگ کے لئے مزید مسابقتی بنانے کے لئے ان اخراجات کو کم کرنے کے لئے فوری اقدام کی ضرورت ہے۔ یہ اگلے وزیراعظم کے لئے ترجیح ہونی چاہئے ورنہ ہم اپنے عالمی حریفوں سے مزید پیچھے ہو جائیں گے، ملازمتوں اور معاشی ترقی کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔
Comments are closed.