پاکستان نے بدلہ لے لیا، سپر فور میں بھارت کو شکست

132

دبئی:ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے کے سنسنی خیز میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ایونٹ کے ابتدائی مرحلے کی ہار کا بدلہ لے لیا۔

بھارت کی جانب سے دیا گیا 182 رنز کا ہدف قومی بیٹرز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی پانچویں گیند پر پورا کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے باز بجھے بجھے نظر آئے جہاں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم صرف 14 رنز بنا کر 22 کے مجموعے پر پویلین لوٹے گئے۔

دوسری وکٹ پر محمد رضوان نے فخر زمان کے ساتھ 41 رنز کی شراکت بنائی، تاہم 63 کے اسکور پر فخر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔

بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے محمد نواز کو اوپر بھیجا گیا جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کی بہترین باری کھیلتے ہوئے 20 گیندوں پر 42 رنز بنائے جبکہ ان کے اور رضوان کے درمیان 41 گیندوں پر 71 رنز کی شراکت نے میچ کو دلچسپ بنادیا۔ پہلے محمد نواز 136 اور پھر محمد رضوان 147 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو میچ بھارت کے حق میں جاتا دکھائی دیا۔

ایسے میں آصف علی نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنا کر جیت کی امیدیں روشن کیں، ان کا ساتھ 14 رنز بنانے والے خوشدل شاہ نے دیا۔ آخری اوور میں جب 4 گیندوں پر دو رنز درکار تھے تب آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ پھر ہاتھ سے جاتا دکھائی دیا، تاہم افتخار احمد نے آخری گیند پر دو رنز بنا کر ٹیم کو اہم جیت سے ہمکنار کروایا۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، روی بشنوئی، ہاردیک پانڈیا اور یوزویندر چہیل نے ایک ایک وکٹ لی۔پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز کو برق رفتار اننگز کھیلنے اور نپی تلی گیند بازی کے ساتھ ساتھ تین اہم کیچز پکڑنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Comments are closed.