75فیصد الیکٹرک وہیکل مالکان برطانیہ کے پبلک چارجنگ سسٹم سے خوش نہیں

125

لندن:زیادہ تر الیکٹرک کار مالکان پبلک چارجنگ انفراسٹرکچر سے ناخوش ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک سروے سے پتہ چلتا ہے کہ چار میں سے تقریباً تین (75فیصد) الیکٹرک وہیکل (ای وی) مالکان برطانیہ کے پبلک چارجنگ سسٹم سے خوش نہیں ہیں۔ کنزیومر گروپ وچ؟کے تقریباً 1500ممبران کے ایک پول کے مطابق جو لوگ خالص الیکٹرک یا پلگ ان ہائبرڈ گاڑی چلاتے ہیں، وہ ان مشکلات کو اجاگر کرتے ہیں، جو بہت سے موٹرسٹس کو کام کرنے والا چارجر تلاش کرنے میں درپیش ہیں۔

تقریباً 74فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ چارجنگ انفراسٹرکچر سے غیر مطمئن ہیں۔ پانچ میں سے دو (40فیصد) نے نان ورکنگ چارجر تلاش کرنے کی اطلاع دی جبکہ 61فیصد کو ادائیگی کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سروے سے پتہ چلتا ہے کہ ای وی مالکان کی اکثریت (84فیصد) جو پبلک چارجرز استعمال کرتے ہیں، وہ کنٹیکٹ لیس بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگی کا آپشن چاہتے ہیں۔ زیادہ تر چارج پوائنٹس پر ڈرائیوروں کو ایپ کے ذریعے ادائیگی کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

جن ارکان سے سوالات پوچھے گئے، ان میں سے تقریباً نصف (45فیصد) نے اندازہ لگایا کہ ان کے گھر سے قریب ترین پبلک آن سٹریٹ چارج پوائنٹ 20منٹ سے زیادہ کی دوری پر ہے۔ وچ ؟ میں صارفین کے تحفظ کی پالیسی کے سربراہ سو ڈیوس نے کہا کہ ہماری تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ عوامی ای وی چارجنگ کا بنیادی ڈھانچہ کمزور ہو رہا ہے کیونکہ بہت سے ڈرائیوروں کو اچھے ورکنگ آرڈر میں قابل اعتماد چارجنگ پوائنٹس تلاش کرنے کے لئے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ انہیں ادائیگی کے الجھن والے نظام کو نیویگیٹ کرنا پڑتا ہے یا اپنے گھروں کے قریب مناسب چارجنگ پوائنٹس پر بھروسہ کرنے یا انہیں طویل سفر کے ذریعے حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔

حکومت کو پورے نیٹ ورک پر بھروسہ مندی کے معیارات کو بڑھا کر اور ادائیگی رومنگ کے لئے تجاویز کو یقینی بنا کر پبلک چارجنگ نیٹ ورکس کے استعمال کے صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تیزی سے آگے بڑھنا چاہئے۔ چارجنگ آسان، قابل بھروسہ اور بغیر کسی رکاوٹ کے ہونا چاہئے تاکہ لوگوں کو الیکٹرک کار سے سفر میں مدد ملے۔ سوسائٹی آف موٹر مینوفیکچررز اینڈ ٹریڈرز کے تازہ ترین اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ نئی خالص الیکٹرک کاروں کی فروخت میں تیزی سے ہونے والا اضافہ حالیہ مہینوں میں سست ہوا ہے۔ سال کے پہلے تین مہینوں کے دوران رجسٹریشن کی تعداد 2021کی اسی مدت کے مقابلے میں 102 فیصد زیادہ تھی۔ اگست کے آخر میں سال بہ تاریخ اضافہ 49 فیصد تک گر گیا تھا۔

بہت سے پبلک ای وی چارج پوائنٹس کونسلز کے ذریعے چلائے جاتے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن کے ٹرانسپورٹ ترجمان، ڈیوڈ رینارڈ، جو پورے انگلینڈ اور ویلز میں 350سے زیادہ مقامی حکام کی نمائندگی کرتے ہیں، نے کہا کہ چارجنگ انفراسٹرکچر کا قابل اعتماد ہونا اور استعمال میں آسانی زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ہرے بھرے ٹرانسپورٹ کی طرف راغب کرنے کے لئے بہت ضروری ہے۔ کونسلز کو حکومت کی طرف سے طویل المدتی مالی مدد کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کر سکیں کہ ہمارے کمیونٹیز اور بزنسز کو صاف ستھرا سفر اختیار کرنے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے مضبوط اور قابل رسائی مقامی چارجنگ نیٹ ورکس موجود ہیں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے پاس یورپ میں سب سے بڑے چارجنگ نیٹ ورکس میں سے ایک ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں کہ ڈرائیورز پورے ملک میں چارج پوائنٹس تک رسائی حاصل کر سکیں جو قابل اعتماد، مستقل اور استعمال میں ہموار ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2020سے ہم نے چارجنگ نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے لئے 1.6 بلین پونڈز خرچ کرنے کا عہد کیا ہے اور 2030تک 300000پبلک چارج پوائنٹس قائم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

Comments are closed.