لیبر ایم پی روپا حق چانسلر کواسی کوارٹنگ کو سیاہ فام کہنے پر معطل، تحقیقات کا آغاز

135

لندن: لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ روپا حق کو چانسلر کواسی کوارٹنگ کو ’’سطحی طور پر‘‘ سیاہ فام کہنے پر پارٹی نے معطل کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پارٹی کانفرنس میں منعقد فرنج ایونٹ میں روپا حق کا کہنا تھا کہ’’ اگر انہیں ٹوڈے پروگرام میں سنا جائے تو آپ کو معلوم نہیں ہوگا کہ وہ سیاہ فام ہیں‘‘۔

ٹوری پارٹی کے چیئرمین جیک بیری نے اس تبصرے کو نسل پرستانہ اور متعصبانہ قرار دیا ہے۔ لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر نے کہا کہ ایسا تبصرہ ناقابل قبول ہے اور یہ کہ روپا حق کو معافی مانگنی چاہئے جب کہ پارٹی کے خارجہ امور کے ترجمان ڈیوڈ لیمی نے ریمارکس کو ’’بدقسمتی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی ایسا تبصرہ نہ کریں۔

ایلنگ سینٹرل اور ایکٹن سے رکن پارلیمنٹ روپا حق نے یہ تبصرہ پارٹی کے اس ایجنڈے سے متعلق منعقد میٹنگ میں کیا۔ اس آڈیو کلپ کو پارٹی لیڈر سرکیئراسٹارمر کی تقریرشروع ہونے سے چند منٹ پہلے جاری کیا گیا۔

سوال و جواب کے سیشن میں روپا حق کا کہناتھا کہ چانسلر سطحی طور پر سیاہ فام ہیں لیکن وہ ایٹن گئے اورملک کے اعلیٰ ترین اسکولوں میں تعلیم حاصل کی اور اگر آج پروگرام میں سنا جائے تو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ وہ سیاہ فام ہیں۔

مسٹر کواسی کوارٹنگ کو اس ماہ چانسلر کے عہدے پر فائز کیا گیا، وہ مشرقی لندن میں پیدا ہوئے اور ان کا آبائی تعلق گھانا سے ہے۔ سابق چانسلر ساجد جاویدکا کہناتھا کہ وہ اس کلب سے ’’حیرت زدہ اور غم زدہ‘‘ ہیں۔

Comments are closed.