لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس، پاکستانیوں کے دوست گروپ پاکستانیز فار لیبر کی لانچنگ تقریب

124

لندن:برطانیہ کی حزب اختلاف لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس کے دوران لیبر پارٹی کے لئے پاکستانیوں کے ایک دوست گروپ’’پاکستانیز فار لیبر‘‘کی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لیبر پارٹی کی چیئر پرسن، متعدد شیڈو منسٹرز، اراکینِ پارلیمنٹ، میئرز، کونسلرز اور لیبر پارٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، لیور پول میں ہو نے والی اس تقریب کا اہتمام برطانوی سیاست میں متحرک شخصیت شاہد ندیم نے کیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ لیبر پارٹی میں پاکستانیوں کے موثر دوست گروپ کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی تھی جس کو لیبر پارٹی کے مقامی سیکریٹری و نیشنل پالیسی فورم کے منتخب نمائندہ رکن، شاہد ندیم نے پورا کر دیا ہے اور ’’پاکستانیز فار لیبر‘‘ نا صرف ایک دوست اور حمایتی گروپ کی طور پر مقامی، علاقائی اور قومی سطح پر اپنی کوششوں کے ذریعہ لیبر پارٹی کی آئندہ حکومت کی جیت میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ لیبر پارٹی اور پاکستانی کمیونٹی کی مشترکہ اقدار کو فروغ دے گا جس میں سماجی انصاف، برابری کا حق، تنوع اور مساوات خاص طور پر اہم ہیں۔

پاکستانیز فار لیبر گروپ پاکستانیوں کو لیبر پارٹی کی سرگرمیوں میں شامل ہونے اور فعال ہونے کی ترغیب دے گا اور لیبر پارٹی میں برٹش پاکستانیوں کی شمولیت کو فروغ دینے اور مقامی، علاقائی اور قومی سیاسی عمل میں لیبر پارٹی کے اندر پاکستانی نمائندگی کو فروغ دے گا۔تقریب میں لیبر پارٹی کی چیئرپرسن اینیلیز ڈوڈز رکنِ پارلیمنٹ و شیڈو سیکرٹری برائے خواتین و مساوات، رکنِ پارلیمنٹ شیرون ہوجسن پارلیمانی پرائیویٹ سیکرٹری ، لیبر پارٹی لیڈر سر کیئر سٹارمر، کیتھرین ویسٹ رکنِ پارلیمنٹ و شیڈو منسٹر برائے ایشیا اینڈ پیسفک، افضل خان رکن پارلیمنٹ و شیڈو منسٹر فار لیگل ایڈ، ناز شاہ رکنِ پارلیمنٹ و شیڈو منسٹر فار کرائم ریڈکشن، بامبوس چارالمبوس رکنِ پارلیمنٹ و شیڈو منسٹر برائے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ، میٹ روڈا رکنِ پارلیمنٹ و شیڈو منسٹر برائے پنشن، ریچل ہاپکنز رکنِ پارلیمنٹ و شیڈو کیبنٹ آفس منسٹر، نویندو مشرا رکنِ پارلیمنٹ و اپوزیشن وہپ، یاسمین قریشی رکنِ پارلیمنٹ، سیم ٹیری رکنِ پارلیمنٹ، خالد محمود رکنِ پارلیمنٹ، ڈیم انجیلا ایگل رکنِ پارلیمنٹ ، کم مگینس نارتھمبریا پولیس اینڈ کرائم کمشنر، گوریندر سنگھ جوسن CBE رکن قومی مجلسِ عاملہ، پارلیمانی امیدواران، ایملی ڈارلنگٹن اور ڈیوڈ پنٹو ڈوسچنسکی، ڈاکٹر مارٹن ایڈوبر چیئر پرسن فیبین سوسائٹی ، ابراہیم ڈوگس SME4Labour، شبینہ اسد قیوم سمیت میئرز، کونسلرز اور لیبر پارٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

Comments are closed.