ٹوکیو:جاپان کے وزیراعظم فیومیو کشیدا نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس یوکرین کے خلاف ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کیا تو اسے ’انسانیت کے خلاف دشمنی‘ کے طور پر دیکھا جائے گا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے بیانات کو انتہائی پریشان کن قراردیا۔ان کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی بین الاقوامی امن اور سکیورٹی کے لیے خطرہ ہے اور یہ ناقابل قبول ہے۔
آئندہ برس جاپانی وزیراعظم ہیروشیما میں جی سیون ممالک کے رہنماؤں کی میزبانی کریں گے۔ اس شہر میں 6 اگست 1945 کو امریکہ نے ایٹمی حملہ کیا تھا جس میں ایک لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس حملے کے تین روز بعد 9 اگست 1945 کو جاپان کے ایک اور شہر ناگاساکی پر بھی ایٹمی حملہ کیا گیا تھا۔
آسٹریلیا میں گفتگو کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر کبھی ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تو یہ انسانیت کے خلاف دشمنی تصور کی جائے گی۔ بین الاقوامی برادری اس طرح کے عمل کی اجازت نہیں دے گی۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری میں یوکرین پر حملے کے بعد روسی صدر نے کئی مرتبہ ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی دی ہے۔
Comments are closed.