برطانیہ کو موسم سرما میں بلیک آؤٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، سربراہ نیشنل گرڈ

113

لندن:روس کی طرف سے ممکنہ طو رپر موسم سرما میں گیس کی سپلائی منقطع ہونے کی صورت میں برطانیہ کو ہفتے میں کم از کم تین گھنٹے کے بلیک آؤٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،سرکاری دستاویزات میں برطانیہ کے گھرانوں کیلئے تنبیہ موجودہے جس میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اگر یورپ کو گیس کی سپلائی بند کرتے ہیں تو بجلی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، یہ انتباہات اس وقت سامنے آئے ہیں جب روس پر نورڈ سٹریم پائپ لائنوں کو سبوتاژ کرنے کا الزام ہے اور وہ اپنی گیس کی سپلائی میں کمی کر سکتا ہے۔

یوکرین کی حمایت پر مغرب کے خلاف سرد مہینوں کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، اگرچہ برطانیہ روس سے درآمد شدہ گیس پر انحصار نہیں کرتا لیکن اس پر بہت زیادہ اثر پڑے گا کیونکہ ہم بڑی مقدار میں بجلی اور گیس یورپی ممالک سے درآمد کرتے ہیں۔الیکٹرسٹی سپلائی ایمرجنسی کوڈ وزیر اعظم کو بجلی بچانے کی کوشش میں پورے ملک میں بجلی کی رولنگ کٹس متعارف کرانے کی اجازت دیتا ہے ،یہ اس وقت سامنے آیا جب نیشنل گرڈ کے سربراہ جان پیٹیگریو نے کہا کہ اگر بجلی پیدا کرنے والوں کے پاس وسیع مقدار میں گیس نہیں ہے تو جنوری اور فروری میں خاص طور پر سرد راتوں میں بلیک آؤٹ ہو سکتا ہے۔

آپ کا گھرانہ کب اور کتنے عرصے تک بجلی کی کٹوتی سے متاثر ہوگا یہ اپنی جگہ ایک بڑا سوال ہے، برطانیہ رواں موسم سرما میں رولنگ بلیک آؤٹ متعارف کرا سکتا ہے اگر توانائی کی سپلائی طلب سے کم ہو جاتی ہے تو یہ کرنا ناگزیر ہو جائے گا، حکومت کے ہنگامی منصوبے کی تفصیلات کے مطابق تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، مختلف علاقوں کو بلاک میں تبدیل کر کے ممکنہ طو رپر بجلی کی بندش کے اوقات کار مرتب کیے گئے ہیں جس کے مطابق سوموار ، بدھ اور اتوار کے روز لوگوں کو بجلی کی سپلائی معطل رہنے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ای ایس ای سی کا مقصد قلت کی صورت میں صارفین کو جہاں تک معقول حد تک قابل عمل بجلی کی مساوی تقسیم فراہم کرنا ہے، دستاویز میں کہا گیا ہے کہ توانائی کی کھپت کو کم کرنے کے لیے تین طریقے ہیں جن پر عمل درآمد کیا جائے گا، پہلی عوام اور صنعت سے براہ راست اپیل کی جائے گی کہ وہ اپنی بجلی کی طلب کو کم کریں،دوسرا صنعتی بجلی کی کھپت پر پابندیاں لگانا شامل ہے ۔

مثال کے طور پر کمپنیوں سے کھپت کو ایک خاص فیصد تک کم کرنے کی ضرورت ہوگی ، تیسرا اور آخری آپشن ہے روٹا ڈس کنیکشنر یا گھرانوں کے لیے بلیک آؤٹ جس میں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں توانائی بہت سے سپلائرز کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے جو اپنے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کو 18لوڈ بلاکس میں تقسیم کرتے ہیں جو پوسٹ کوڈز کی طرح کام کرتے ہیں۔

Comments are closed.