بریڈفورڈ:برطانیہ میں پاکستان قونصلیٹ بریڈفورڈ کے زیر اہتمام بھارت کے 27 اکتوبر 1947کو کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ یوم سیاہ کی تقریب میں شیڈووزیر ناز شاہ ایم پی سمیت مختلف افراد نے شرکت کی۔ ڈپٹی قونصل جنرل شعیب مبارک نےصدر اور وزیراعظم پاکستان کے اس حوالے سے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
اس موقع پر ناز شاہ ایم پی نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی مظالم پر مجرمانہ خاموشی ترک کرے اوربھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر مجبور کرانے کیلئے عملی اقدامات کرے انہوں نے کہا کہ27اکتوبر 1947کو بھارت نے اپنی فوجیں کشمیر میں اتارکر غیر قانونی قبضہ کرلیا جو تا حال قائم ہے اس دن کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا دور شروع ہوا کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے ہی یکسر محروم کردیا گیا۔
پھر 5 اگست 2019 کو کشمیر کی نہ صرف خصوصی حیثیت کو ختم کیا بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت برٹش کشمیری ممبر پارلیمنٹ ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرتی رہیں گی۔ کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ قونصل جنرل ابرار حسین نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق تنازع کشمیر کا حل ناگزیر ہے ، تنازع کشمیرکا منصفانہ اور پائیدار حل جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن و استحکام کے لئے بھی ضروری ہے۔
بھارت کشمیر پر اپنا تسلط زیادہ دیر برقرار نہیں رکھ سکتا، پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تقریب میں سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق ،سابق لارڈ میئر ظفر علی ،کونسلر صبیحہ خان ،کونسلر محسن جماعتی، معروف قانون دان راجہ شیراز اختر ،ہیری بوٹا ، ریٹائرڈ کرنل فیوم اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ایک دستاویزی فلم کے ذریعے اجاگر کیا گیا اور عالمی برادری کی بھارتی افواج کے مظالم پر خاموشی کو لمحہ فکریہ قرار دیا۔ آخر میں شہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعاکی گئی ۔
Comments are closed.