کرسمس کے موقع پر لون فیس فراڈ کا خطرہ ہوسکتا ہے،سٹی ریگولیٹر کا انتباہ

106

لندن:برطانیہ کے ’’سٹی ریگولیٹر‘‘ نے خبردار کیا ہے کہ لوگوں کو اس کرسمس کے موقع پر لون فیس فراڈ کا خطرہ ہو سکتا ہے، فنانشل کنڈکٹ اتھارٹی (FCA) کا کہنا ہے کہ انہیں عام طور پر کرسمس کے دوران قرض کی فیس کی دھوکہ دہی کی رپورٹس زیادہ موصول ہوتی ہیں، لون فیس فراڈ اس وقت ہوتا ہے جب کوئی اس قرض کیلئے فیس ادا کرتا ہے جسے وہ کبھی حاصل نہیں کر سکتا، اتھارٹی کو تشویش ہے کہ بڑھتے ہوئے مالی تناؤ سے اس سال مزید لوگوں کو دھوکہ بازوں کے ہتھکنڈوں کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

قرض کی فیس فراڈ کرنے والوں کی طرف سے اکثر استعمال ہونے والا حربہ ان لوگوں پر دباؤ ڈالتا ہے جو نقد رقم فوری طور پر حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن شکار ہونے والے افراد کو اوسطاً 260پاؤنڈ کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے، ریگولیٹر نے کہا کہ پچھلے سال اس طرح کے دھوکہ دہی کے واقعات کی تعدا د میں پہلے سے ہی اضافہ ہوا ہے، نومبر 2021 اور اکتوبر 2022کے درمیان ایک سال پہلے کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً پانچویں یعنی 21فیصد رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اتھارٹی نےلوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنا رجسٹر چیک کریں اگر ان سے قرض کیلئے پیشگی رقم کی ادائیگی فراہم کرنے کیلئے کہا جائے۔

ادارے کے مطابق تقریباً دو تہائی 64 فیصد صارفین اس بات سے بے خبر ہیں کہ قرض کی فیس کا فراڈ کیا ہے ؟، اس ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ آنے والے کرسمس کا سیزن بہت سے صارفین کیلئے مشکل ہونے والا ہے خصوصا وہ لوگ جو زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ایسے افراد اضافی اخراجات کو پورا کرنے کے بارے میں فکر مند ہوں گے جو کرسمس کیلئے ہوتے ہیں کچھ صارفین ان اضافی اخراجات کو پورا کرنےکیلئے قرض لینےکیلئے لالچ میں آ سکتے ہیں۔

لوگوں کو چاہئے کہ وہ دھوکہ بازوں کے حربوں سے آگاہ رہیں، ممکنہ قرض کی دھوکہ دہی کی کچھ انتباہی علامات کچھ اس طرح ہیں، قرض کی متعدد درخواستیں آن لائن کرنے کے بعد آپ سے ٹیکسٹ، ای میل یا فون کے ذریعے رابطہ کیا جاتا ہے اور قرض کی پیشکش کی جاتی ہے، بینک اکاؤنٹ میں پیشگی ادائیگی کرنے، یا غیر معمولی طریقہ سے رقم منتقل کرنے کیلئے کہا جاتا ہے۔

دھوکہ باز دعویٰ کر سکتے ہیں کہ فیس قابل واپسی ہے اور یہ مینجمنٹ فیس، انشورنس، یا خراب کریڈٹ ہسٹری کی وجہ سے استعمال کی جائے گی آپ پر فوری طور پر فیس ادا کرنےکیلئے دباؤ ڈالا جا سکتا ہے، ایک بار پہلی ادائیگی ہو جانے کے بعد دھوکہ باز آپ سے دوبارہ رابطہ کر سکتا ہے تاکہ وہ آپ کو قرض دینے سے پہلے مزید ادائیگیوں کا مطالبہ کرسکے۔

Comments are closed.