اسلام آباد(ویب ڈیسک)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر میں 2 ارب 43 کروڑ ڈالر کی ترسیلات وطن بھیجی ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق دسمبر میں بھیجی گئیں ترسیلات گذشتہ سال دسمبر کے مقابلے میں 16.20فیصد جبکہ نومبر کے مقابلے 4 فیصد زائد ہیں۔
دسمبر کی ترسیلات شامل کرلینے کے بعد رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر چودہ ارب بیس کروڑ ڈالر رہیں۔ جو گذشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے 25 فیصد زائد ہیں۔
چھ مہینوں میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 3.95 ارب ڈالر، عرب امارات سے 2.95 ارب ڈالر دیگر گلف ممالک سے 1.61ارب ڈالر، برطانیہ سے 1.87ارب ڈالرز، یورپی یونین سے 1.26ارب ڈالر جبکہ امریکہ سے بھیجی گئیں ترسیلات کا حجم ایک ارب بیس کروڑ ڈالر رہا۔
پاکستان بھیجی جانے والی ترسیلات میں 60 فیصد مشرق وسطٰی سے جبکہ 22 فیصد ترسیلات یورپ سے موصول ہوئی ہیں۔