لندن ٹرانسپورٹ کے کم ترین آمدن والے سٹاف تک فری ٹریول سہولت میں توسیع

98

لندن:لندن ٹرانسپورٹ کے کم ترین آمدن والے سٹاف تک فری ٹریول کی سہولت بڑھائی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں اس سہولت میں لندن ٹرانسپورٹ کے کلینرز، کیٹرنگ اور سیکورٹی سٹاف بھی شامل ہو جائے گا۔ گزشتہ روز اس توسیع کا اعلان کیا گیا ہے ریل، میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹ یونین (آر ایم ٹی) نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کے منصوبوں کے بالکل برعکس ہے، جن کا مقصد ہڑتالوں کے صنعتی افدام کے دوران یونینز کو کم از کم سروسز فراہم کرنے پر مجبور کرنا ہے۔

لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ کم ترین تنخواہ والے تقریباً 5800ٹرانسپورٹ ورکرز کو ٹی ایف ایل نیٹ ورک پر مفت سفر کی سہولت ملے گی۔ آر ایم ٹی جنرل سیکرٹری مک لنچ نے کہا کہ میئر آف لندن کی جانب سے یہ درست سمت میں ایک اور قدم ہے لیکن ہم ان سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ مفت سفر کی اس سہولت کو تمام ٹی ایف ایل سب ذیلی کنٹریکٹڈ ورکرز تک بڑھا دیں میئر لندن صادق خان کا یہ خیرمقدمی اقدام ٹوریز کے بالکل برعکس ہے، جنہوں نے ہفتے کے اوائل میں ہاؤس آف کامنز کے ذریعے قانون سازی پر ورکرز کو ان کے ہڑتال کے حق کو ختم کرنے پر مجبور کیا ہے۔

یونینز کا کہنا ہے کہ ٹوری حکومت کو کلینرز پر حملہ کرنے کے بجائے میئر لندن کے اقدامات کی تقلید کرنی چاہئے اور اسے یقینی بنانا چاہئے کہ تمام ریل کلینرز کو مفت سفر کی سہولت فراہم ہو۔ تاہم میئر لندن کو مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ لیبر نے منتخب ہونے کے بعد ملک گیر سطح پر ایک نسل کیلئے پبلک سروسز کی بیمہ کاری کی سب سے بڑی لہر کی نگرانی کا وعدہ کیا ہے۔ لببر کا کہنا ہے کہ لندن میں ہمارا میئر پہلے ہی اقتدار میں ہے، اس لئے ہم صادق کیلئے اپنی اس مہم کو تیر کریں گے کہ وہ ٹی ایف ایل میں آؤٹ سورسنگ کی لعنت سے نمٹیں۔

میئر صادق خان نے کہا کہ لندن کے ٹرانسپورٹ ورکرز ہمارے شہر کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو روزانہ لاکھوں افراد کیلئے محفوظ اور فعال رکھنے میں ضروری اور انتہائی قابل قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔ مصارف زندگی کے بڑھتے ہوئے بحران میں بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آتے اور ان حالات میں میں کم تنخواہ والی ملازمتوں میں ان لوگوں کی مدد کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتا ہوں، جو افراط زر سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ کم تنخواہ والے ٹرانسپورٹ ورکرز جیسے کلینر، کیٹرنگ اور سیکورٹی سٹاف پرخاصا دباؤ ہے جو دارالحکومت کیلئے اتنا اہم کام کرتے ہیں۔

میئر لندن نے کہا کہ میں بڑھتے ہوئے مصارف زندگی کے بحران میں لندن والوں کی مدد کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہوں گا، جس میں براہ راست ٹارگٹیڈ سپورٹ فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے افراد کی مدد کی جائے گی۔ ہم مالی عدم مساوات کو مزید وسیع ہونے سے روکنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ ہم لندن کے تمام شہریوں کیلئے ایک بہتر، منصفانہ اور زیادہ خوشحال شہر کی تعمیر جاری رکھ سکیں۔

Comments are closed.