لوٹن میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ کے زہر اہتمام ساوتھ زون کا کنونشن منعقد ہوا، جس میں ریاست آذاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور صدارت مرکزی صدر کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل یوکے چوہدری حکم داد نے کی جبکہ پروگرام کے انتظامات اور میزبانی کے فرائض مرکزی نائب صدر کے پی ایف آئی یوکے چوہدری معروف، چوہدری شاکر علی اور چوہدری طارق عزیز نے انجام دیئے۔
اس موقع پرصدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ظلم و بربریت کی انتہاء ہو چکی ہے اور 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370اور 35اے کو ختم کرنے کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ایسے اقدامات اُٹھانا شروع کر دئیے ہیں جس سے وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مذید کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک نازک اور اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اگر ہم نے کوئی کوتاہی کی تو نہ ہی تاریخ اور نہ ہی آنے والی نسلیں ہمیں معاف کریں گی لہذا ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی کشمیری اور پاکستانی آباد ہیں وہ مسئلہ کشمیر پر مقامی اور قومی سطح پر اہنا بھرپور کردار ادا کریں اور دنیا کی توجہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر مبذول کرائیں تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آشکارہو۔
اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں مرکزی صدرکشمیر پیش فورم انٹرنیشنل برطانیہ چوہدری حکم داد نے فورم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا یہ ایک غیر سیاسی تنظیم ہے اور یہ ان تمام لوگوں کے لیے ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے جو کشمیر پر کام کرنا چاہتے ہیں اور ہم اس میں شامل ہونے والے ہر شخص کو خوش آمدید کتہے ہیں اور مذید کہا کہ میں کشمیری و پاکستانی ڈاسپورا کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیے سب اس فورم سے مل کر کام کریں، اس دوران انہوں نے ساوتھ زون کی دس نئ برانچز کی باڈیز کا بھی اعلان کیا جس میں بیڈفورڈ، ملٹن کینز، ایلزبری، ہائی ویکمب، وٹفورڈ اور دیگر شامل تھیں۔
مقررین میں برطانوی ہاوس اف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین، مئیر اف لوٹن کونسلر سمیرا سلیم، ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل کونسلر راجہ اسلم خان، حریت رہنما نذیر قریشی، مرکزی صدر کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ چوہدری معروف، چوہدری آصف، ڈاکٹر، طاہر محمود لون، چوہدری قربان کونسلرعمران، کونسلر ٹام شو، نوجوان متحرک رہنما جمیل احمد ظفری، سابق کونسلرریاض بٹ، سابق کونسلرراجہ سلیم اور دیگر نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود خطے کے وہ واحد لیڈر ہیں اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ایوانوں میں بلند کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے چلے آ رہے ہیں۔
پروگرام کا آغاز لوٹن کی مرکزی جامع مسجد کے امام حافظ اعجاز احمد کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد یاسین نے ادا کیے، شرکاء میں چوہدری شفاعت حسین پوٹھی، شکیل رفیق تھوتھالوی، چوہدری شہپال اف وٹفورڈ، چوہدری شریف، چوہدری قربان، اعجاز ملک، راجہ کمان افسر، کونسلر طاہر محمود، کونسلر جویریہ حسین نے دیگر شامل تھے۔
Comments are closed.