برطانیہ میں عید منقسم ہونے کا امکان: ماہرین

278

چاند دیکھنے کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں چاند کی رویت ممکن نہ ہونے پر غلط اعلانات پر عمل کرنے کی وجہ سے ” عید تقسیم ” ہوسکتی ہے۔ عید الفطر شوال کے شروع میں آتی ہے اور تمام اسلامی تاریخوں کی طرح نئے چاند کے پہلے ہلکے ہلال کے نظر آنے پر منحصر ہے۔

مسلمان اسکالرز، ماہرین فلکیات اور ارکان عوام رواں ماہ رمضان کی 29 تاریخ کو چاند کی تلاش میں نکلیں گے جو زیادہ تر کے لیے جمعرات 20 اپریل کو ہوگا۔ زمین کے گرد چاند کی حرکت کے بارے میں فلکیاتی پیشین گوئیاں بتاتی ہیں کہ کوئی ہلال جمعرات کونظر نہیں آئے گا لیکن جمعہ کو ہلال کا کھلی آنکھوں سے آسانی سے نظر آنا ممکن ہے اور یہ اشارہ عید الفطر 22 اپریل بروز ہفتہ ہونے کی طرف ہے۔

تاہم اسلامی ممالک کے حکمران اداروں کے پاس اپنے ملک کی اہم تاریخوں کا تعین کرنے کے لیے چاند دیکھنے کے بورڈز ہوتے ہیں جبکہ برطانیہ میں ملک گیر سطح پر کوئی سرکاری نظام موجود نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ کچھ مساجد اور کمیونٹیز برطانوی آسمانوں میں چاند کی تلاش کریں گی اور کچھ سعودی عرب اور دیگر مقامات سے موصول ہونے والی اطلاعات پر عمل کریں گی۔ سعودی عرب کے حسابی قمری کیلنڈر کے مطابق عید ایک دن پہلے یعنی جمعہ 21 اپریل کو ہوگی۔

Comments are closed.