برمنگھم :رواں سال مئی میں سرینگر مقبوضہ کشمیر میں منعقد ہونے والی G 20ممالک کی کانفرنس کے موقع پر 21مئی کو برطانیہ بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائیگا، برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو خطوط لکھے جائیں گے ،برطانوی حکومت کو توجہ دلائی جائے گی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کانفرنس کا بائیکاٹ کرے۔ یہ فیصلہ تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام منعقدہ کشمیرکانفرنس میں کیا گیا جس میں مختلف جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔
کانفرنس سے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان ڈاکٹر خالد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کی کانفرنس منعقد کرنے کا بھارت کو کوئی حق نہیں، کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک کو سرینگر کانفرنس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک متنازعہ خطہ ہے ،بھارت دنیا کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا کہ کشمیر میں حالات پُرامن ہیں جبکہ حقیت یہ ہے کہ دس لاکھ بھارتی فوج نے کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کر رکھا ہے،کشمیری بھارت کے ان اقدامات کی ہر جگہ مخالفت کریں گے۔
تحریک کشمیر برطانیہ نے اس کے خلاف بروقت اقدامات کر نے فیصلہ کیا ہے اس سے دنیا میں بھارت کی مکارانہ چالیں، سازشیں اور چہرہ بے نقاب ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی اس کانفرنس کے خلاف بھر پوراحتجاج کیا جائیگا، آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس موقع پر حکومت پاکستان کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے وقت ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا حق ادا کرے۔
تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ اس موقع پر یورپ بھر میں احتجاج ہوگا ، تحریک کشمیر یورپ کا آن لائن اجلاس 27 اپریل کو منعقد ہوگا اور یورپ کے مختلف ممالک میں احتجاج ممبران پارلیمنٹ کی لابنگ اور حکمت عملی پر غور غوص کیا جائے گا۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا برطانیہ مسلہ کشمیر کا اہم فریق ہے برطانیہ کی وجہ سے مسلہ کشمیر پیدا ہوا ہے 1947 میں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے حق دیا جاتا تو لاکھوں کشمیری بھارت کی دہشت گردی کا نشانہ نہ بنتے، ہزاروں خواتین کی عصمت دری نہ ہوتی، برطانوی حکو مت سرینگر میں منعقدہ کانفرنس کا بائیکاٹ کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور بریت اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر احتجاج کرنا چایئے۔
کانفرنس سے سے کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ مفتی فضل احمد قادی، صدر کل جماعتی مولانا طارق مسعود، تحریک انصاف برطانیہ شعبہ کشمیر کے سربراہ خواجہ انعام الحق، تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدلمجید ندیم، برمنگھم کے صدر چوہدری اکرام الحق، پاکستان رابطہ کونسل کے جنرل سکریٹری حافظ محمد ادریس، تحریک استحکام برطانیہ کے رہنما افتخار احمد جگنو، فاروق القادری، ارم طاہر، نائلہ عظمت، حافظ نثار احمد رضا نے بھی سرینگر میں منعقد ہونے والی کانفرنس کی بھر پور مخالفت کی اور برطانیہ میں اس کے خلاف بھر پور احتجاج کرنے کی حمایت کی گئی۔
Comments are closed.