راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کو قوم کی توہین کرنے والے تمام ذمہ داروں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ایسے واقعات کی دوبارہ کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آج سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا۔ جہاں اُن کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔
گیریژن آمد پر آرمی چیف نے شہداء کی یادگار پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے قوم کے فخر، عزت و وقار کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جُھومر ہیں جن سے آخرت میں اعلیٰ مقام کا وعدہ کیا گیا ہے، پاکستانی عوام کے دلوں میں شہدا کا عظیم مقام ہمیشہ قائم رہے گا۔ ریاستِ پاکستان اور مسلح افواج تمام شہدا اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں اور مستقل طور پر ان کی عظیم قربانیوں کو انتہائی عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ کسی کو بھی شہدا ء اور ان کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہداء مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستان کے عوام کے لیے حوصلہ اور فخر کا باعث ہیں۔
آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ حال ہی میں ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پیش آنے والے المناک واقعات کی دوبارہ کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔
آرمی چیف نے رینک اینڈ فائل کے سامنے اس عزّم کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ یوم سیاہ 9 مئی پر قوم کی توہین کرنیوالے تمام ذمہ داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آرمی چیف نے ماتحت فارمیشنز کی محنت، لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جبکہ افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران، آرمی چیف نے فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور اندرونی اور بیرونی چیلنجز بشمول پروپیگنڈہ وار فئیر سے نمٹنے کے لئے ہر طرح کی تیاری پر توجہ مرکوز رکھنے پر زور دیا۔
Comments are closed.