لندن میں مکان کا اوسط کرایہ 2700 پونڈ ماہانہ ہوجانے کا خدشہ

68

لندن:اس وقت جبکہ لوگ اخراجات زندگی میں اضافے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں اگلے سال سے لندن میں مکان کا اوسط کرایہ2,700پونڈ ماہانہ ہوجانے کا خدشہ ہے۔سٹی ہال کی جانب سے جمع کردہ اعدادوشمار کے مطابق اگلے سال سے لندن میں کرائے کے مکانوں یا فلیٹوں میں رہنے والوں کو موجودہ کرائے کے مقابلے میں کم وبیش 133پونڈ زیادہ ادا کرناہوں گے،لندن کی کونسلوں کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق لندن میں کم وبیش 2فیصد افراد عارضی رہائش پر رہتے ہیں۔

لندن کے میئر صادق خاں جنھوں نے دو سال تک مکانوں کے کرائے منجمد کرنے کی مہم چلائی تھی کہا کہ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ اس صورت حال پر کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ اس شہرکا ہر تیسرا فرد کرائے پر رہتاہے لیکن حکومت ان کو مستقل نظر انداز کررہی ہے اور ان لوگوں کو شدید مالی مشکلات سے بچانے کیلئے ان کی بات سننے اور ان کے مسئلے کا تلاش کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔

کمپین گروپ جنریشن رینٹ نے کم لاگت کے سوشل ہاؤسنگ کے کرائے میں بھی بڑے اضافے کی پیش گوئی کی ہے ان کا کہنا کہ لندن میں اوسط کرائے پہلے ہی لوگوں کی تنخواہ کے 40فیصد کے مساوی ہے، یہ رقم براہ راست مالکان مکان کی جیب میں چلی جاتی ہے ،اس صورت حال کے تحت سوشل ہاؤسنگ میں اضافہ کیاجانا ضروری ہے ،کیونکہ کرائے میں اضافے کی وجہ سے لوگوں کی غربت میں اضافہ ہورہاہے اور وہ گھروں سے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہیں۔

اس حوالے سے جب تک موثر کارروائی نہیں کی جاتی کرائے آسمان پر پہنچتے جائیں گے اور اساتذہ،نرس اور اس طرح کے پیشوں سے وابستہ لوگ شہر چھوڑ نے پر مجبور ہوجائیں گے ،ہاؤسنگ سے متعلق وزارت کا کہناہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ لوگوں کو دباؤ کا سامنا ہے اسی وجہ سے ہم کرائےداروں سے متعلق اصلاحات کا بل پیش کیا ہے جس پر فی الوقت پارلیمنٹ میں بحث ہورہی ہے اور اس سے کرائے داروں اور مالکان مکان دونوں کے مفادات کا تحفظ ہوجائے گا۔

Comments are closed.