لندن :وارکشائر میں ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا، جس کے شبہ میں دو خواتین سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ جمعرات کو صبح3بجے کے قریب کلیمینز سٹریٹ لیمنگٹن سپا میں ایک شخص گولی لگنے کی وجہ سے زخمی حالت میں ملا تھا، جس پر پولیس کو طلب کیا گیا۔
وارکشائر پولیس کے مطابق خیال کیا جاتا ہے کہ اسے فرانسس ہیورگل کلوز میں تھوڑی دیر قبل گولی لگی تھی۔ پولیس نے کہا کہ قتل کی سازش کے شبہ میں دو مردوں اور دو خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مرنے والے کی عمر 20 سال سے زائد ہے، اسے زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں وہ جمعرات کو دیر گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔
ساؤتھ وارکشائر کے لوکل ایریا کمانڈر چیف انسپکٹر فاز چشتی نے بتایا کہ مقتول کو قتل سے قبل ٹاؤن کے ایک بار کیلسی میں دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قتل کے شبہ میں چار افراد کی شناخت کرنے اور انہیں حراست میں لینے کیلئے پولیسنگ کا بہت بڑا آپریشن کیا گیا، جہاں ڈیٹیکٹیوز کے ذریعے ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
انہوں نے اپیل کی کہ اگر کسی عینی شاہد کے پاس اس واقعے کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ متاثرہ شخص کل دوپہر اور شام چار دیگر لوگوں کے ساتھ کیلسی بار میں موجود تھا۔ ہم اس دورانیے میں بار میں موجود کسی بھی فرد سے بات کرنے کے خواہاں ہیں۔ فاز چشتی نے کہا کہ یہ واقعہ لوکل کمیونٹی کیلئے ایک بڑا صدمہ ہے اور ہم آئندہ دنوں میں ایریا میں اپنی موجودگی اور گشت کو جاری رکھیں گے۔
ہم اس واقعے کے نتیجے میں لوکل کمیونٹی پر پڑنے والے اثرات اور خلل سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں لوگوں کے مسلسل صبر اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مقتول کے رشتہ داروں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم ایگزامینیشن بعد میں کیا جائے گا۔
خیال کیا جاتا ہے کہ یہ واقعہ الگ تھلگ تھا۔ اگر کسی کے پاس ایسی کوئی معلومات ہیں، جو انویسٹی گیشن میں آفیسرز کی مدد کر سکتی ہیں تو وہ 10 اگست کے واقعے 33 کا ریفرنس دیتے ہوئے وارکشائر پولیس سے رابطہ کرے یا قائم کردہ مخصوص آن لائن پورٹل کو استعمال کرے۔
Comments are closed.