لندن کے ٹیوب نیٹ ورک پر ریپ بشمول دیگر جنسی جرائم میں اضافہ

59

لندن:لندن کے ٹیوب نیٹ ورک پر جنسی جرائم میں اضافہ ہوگیا ہے۔ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس (بی ٹی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق لندن کے ٹیوب نیٹ ورک پر یکم دسمبر 2022 سے 30 نومبر 2023 کے درمیان ریپ کے علاوہ 909 جنسی جرائم ریکارڈ کئے گئے جبکہ 12 ماہ قبل یہ تعداد 866 تھی۔ لبرل ڈیموکریٹس (لبڈیم) نے کہا کہ لندن کے میئر اور حکومت سیاسی جھگڑوں میں مصروف ہیں جبکہ جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔

سٹی ہال پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ پر خواتین کی حفاظت صادق خان کی ترجیح ہے۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پرتشدد جرائم میں بھی اضافہ ہوا، 3,542 واقعات رپورٹ ہوئے، جو پچھلے سال کے 2,963 سے زیادہ تھے۔ ڈکیتیوں کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ دیکھا گیا، 736 کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ گزشتہ سال 442 سے زیادہ ہیں۔ رچمنڈ پارک کی لبڈیم ایم پی سارہ اولنی، جنہوں نے فریڈم آف انفارمیشن کی درخواست کے ذریعے بی ٹی پی کے اعداد و شمار حاصل کئے، نے کہا کہ خواتین پبلک ٹرانسپورٹ پرخود کو محفوظ محسوس کرنے کی مستحق ہیں مگر یہ خطرناک اعداد و شمار ایک مختلف کہانی سنانے کا خطرہ مول لیتے ہیں۔

محترمہ اولنی نے صادق خان اور حکومت سے جرائم میں اضافے سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر خان کے ایک ترجمان نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کی حفاظت میئر اور ٹی ایف ایل کے لئے ایک مکمل ترجیح ہے۔ ٹی ایف ایل ہمارے سی سی ٹی وی کے وسیع نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے تمام جرائم کی پیروی کرنے کے لئے برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے ساتھ کام کرتا ہے۔

ہم کسی بھی ایسے شخص کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جو واقعات کا تجربہ کرتا ہے یا اس کا مشاہدہ کرنے پر اس کی اطلاع پولیس یا عملے کے کسی رکن کو دے۔ ہوم آفس کے ترجمان نے کہا کہ ہم پولیس فورسز کو وہ ٹولز فراہم کر رہے ہیں، جن کی انہیں عوام کے لئے ڈیلیور کرنے کی ضرورت ہے اور 2010 سے ہماری کمیونٹیز زیادہ محفوظ ہیں۔ نواحی علاقوں میں جرائم بشمول چوری، ڈکیتی اور چوری کے واقعات میں 50 فیصد اور پرتشدد جرائم میں 52 فیصد کمی ہوئی ہے۔

Comments are closed.