لندن:انگلش چینل میں تارکین وطن کی کشتی ریسکیوڈ، ایک خاتون کی موت ہو گئی جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں۔ فرانسیسی سمندری حکام کے مطابق بدھ کے روز اس کشتی میں50تارکین وطن سوار تھے جب یہ ساحل کے قریب ڈوبنے لگی۔ مسافروں نے ریسکیورز کو بتایا کہ تین افراد جہاز میں ڈوب گئے تھے۔
فرانسیسی میری ٹائم پریفیکچر نے بتایا کہ خاتون کو پانی سے نکال لیا گیا تھا لیکن وہ چل بسی۔ دو دیگر کا پتہ نہیں چل سکا۔ فرانسیسی بحریہ کے دو جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر تعینات کیا گیا۔ فرانسیسی حکام کے مطابق لاپتہ ہونے والے دو دیگر افراد کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مر چکے ہیں۔
جہاز میں سوار دیگر مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ برطانوی حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی کہ انہیں فرانسیسی پانیوں میں ایک چھوٹی کشتی کے حادثے کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔ فرانسیسی حکام تحقیقات کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مرحلے پر مزید تبصرہ نہیں کریں گے۔
یہ بدھ کو ہونے والے کئی ریسکیو میں سے ایک تھا، پورے دن میں کل 180 لوگوں کو بچایا گیا تھا۔ لوگوں کے تقریباً 10 گروپوں نے منگل کی شام سے سفر کرنے کی کوشش کی ہے۔ مبینہ طور پر کشتیوں میں سے ایک درمیان سے دوحصوں میں تقسیم ہوگئی تھی لیکن یہ ساحل کے قریب تھی،جہاں سے اس میں سوار لوگ خشک زمین پر واپس جاسکتے تھے۔
مجموعی طور پر 2022 کے مقابلے میں گزشتہ سال چینل عبور کرنے کی کوششوں کی تعداد میں ایک تہائی کمی واقع ہوئی لیکن اب بھی تقریباً 30000 تارکین وطن برطانیہ کے ساحل تک پہنچے۔ ہوم آفس کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال اب تک 2000 سے زائد تارکین وطن برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔
Comments are closed.