لندن:دنیا کے مصروف ترین ہیتھرو ائرپورٹ پردو طیارے آپس میں ٹکرا گئے جس سے دونوں طیاروں کے پَروں کو شدید نقصان پہنچا۔ ائرپورٹ ذرائع کے مطابق ورجن اٹلانٹک کا خالی بوئنگ طیارہ جسے ائر فیلڈ کے ایک حصے کی طرف لے جایا جا رہا تھا وہ برٹش ائر ویز کے رن وے پر کھڑے مسافر طیارے سے ٹکرا گیا جس میں 121مسافر سوارتھے۔
یہ حادثہ ہیتھرو ائرپورٹ کے ٹرمینل تھری پر پیش آیا۔ ائرپورٹ انتظامیہ نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کالز کیں جہاں مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔ اٹلانٹک ائر ویز کی انتطامیہ نے طیارے کو فوری طور پر گرائونڈ کردیا ہے اور حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری طرف میٹ پولیس نے ائر انویسٹی گیشن برانچ اور ائرپورٹ حکام کے ساتھ مل کر جامع تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ائرپورٹ ذرائع کے مطابق برٹش ائر ویز نے مسافروں کو متبادل طیارہ فراہم کرکے پرواز روانہ کر دی۔
ہیتھرو ائرپورٹ پر اس حادثے کا وقوع پذیر ہونا سول ایوی ایشن اور ائرپورٹ انتظامیہ کےلئے ایک بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم حادثے کے باوجود کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور دیگر پروازیں معمول کے مطابق چلتی رہیں۔
Comments are closed.