لندن :شمال مشرقی لندن میں تلوار سے حملے میں 13سالہ لڑکا ہلاک اور2پولیس افسران سمیت4افراد زخمی ہوگئے،پولیس حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔چیف سپرنٹنڈنٹ نے کہاہے کہ حملے کا تعلق دہشت گردی سے ہے نہ کسی اورکو تلاش کیاجارہاہے جب کہ وزیراعظم اور،میئرلندن نے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شمال مشرقی لندن میں بینالٹ ٹیوب اسٹیشن کے قریب منگل کی صبح تلوار سے مسلح شخص کے حملے میں ایک 13سالہ لڑکا ہلاک اور دو پولیس افسران سمیت چار افراد زخمی ہوگئے، تمام زخمی افراد کو جائے وقوع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال لیجایا گیا تھا جہاں 13سالہ نوجوان زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ پولیس نے 56سالہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق تلوار سے مسلح شخص آزاد گھوم رہا تھا اور اس نے پولیس اور ایمبولینس سروس آنے پر ان سے پوچھا تھا کہ کیا وہ خدا پر یقین رکھتے ہیں چیف سپرنٹنڈنٹ اسٹیورٹ بیل نے واقعہ کے حوالے سے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ پولیس کو صبح سات بجے سے قبل تھرلو گارڈنز میں ایک وین کی گھر میں ٹکر مارنے پر طلب کیا گیا تھا جس کے بعد لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ انہوں نے حملے کو انتہائی خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں ہلاک نوجوان کے لواحقین اور کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔
غمزدہ خاندان کو خصوصی تربیت یافتہ پولیس افسران معاونت فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو ملنے والی پہلی کال کے 22 منٹ کے بعد حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا تھا گرفتاری سے قبل اسے ٹیزر کیا گیا۔ اسٹیورٹ بیل نے بتایا کہ زخمی پولیس افسران کو سرجری کی ضرورت پڑی، تاہم شدید زخمی ہونے کے باوجود ان کی جان خطرے سے باہر ہے جبکہ دو دیگر افراد کے زخم بھی جان لیوا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کا تعلق دہشت گردی سے نہیں اور نہ ہی یہ منصوبہ بنا کر کیا گیا اور پولیس اس حوالے سے کسی اور شخص کو تلاش بھی نہیں کر رہی اور عوام مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
اس سوال پر کہ کیا حملہ آور کو پولیس نے کبھی گرفتار کیا تھا، اسٹیورٹ بیل کا کہنا تھا کہ ابھی اس حوالے سے کوئی بھی تبصرہ مناسب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس واقعہ کے حوالے سے کسی کے پاس کوئی معلومات یا فوٹیج ہو تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔ وزیراعظم رشی سوناک اور ہوم سیکرٹری جیمز کلیوری نے سوشل میڈیا پر جاری پیغامات میں کہا کہ ان کی ہمدردیاں متاثرین اور لواحقین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے ایمرجنسی سروسز کی بروقت کارروائی اور افسران کی بہادری کی تعریف بھی کی اور کہا کہ ایسے واقعات کی ہماری شاہراہوں پر کوئی جگہ نہیں ہے جبکہ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ 13 سالہ بجے کی ہلاکت سے ان کا دل ٹوٹ گیا ہے۔ انہوں نے میٹ پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دو افسران نے بہادری کے ساتھ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جان بچائی۔
Comments are closed.